Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہندوستانی میڈیا کی خاموشی پرنجم سیٹھی کی حیرت

کولکتہ:پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ہندوستانی میڈیا سے کہا ہے کہ وہ پاک ہند میچز کے انعقاد کیلئے اپنے بورڈ پر دباو ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ دونوں ملکوں کے شائقین باہمی مقابلوں کیلئے بے چین رہتے ہیں لیکن ہندوستانی میڈیا کی جانب سے دونوں ملکوں کے درمیان سیریز کے انعقاد کیلئے ہندوستانی کرکٹ بورڈ پر کوئی دبا و نہیں ڈالا جاتا۔نجم سیٹھی کولکتہ میں جاری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے5 روزہ اجلاس میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک ہند سیریز تنازع کے حوالے سے آئی سی سی کمیٹی کا فیصلہ آنے تک دونوں ملکوںکے درمیان کرکٹ تعلقات بحال نہیں ہوں گے اور جب کوئی فیصلہ ہو جائے تو پھر ہم دیکھیں گے کہ کس طرح آگے بڑھنا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان نے باہمی سیریز کے حوالے سے معاہدے پر عملدرآمد نہ کرنے کی وجہ سے ہندوستانی بورڈ کیخلاف 70 ملین ڈالر ہرجانے کا مطالبہ کیا ہوا ہے، جس پر 3رکنی ٹریبونل بھی قائم ہوچکا اور سماعت اکتوبر میں ہوگی۔ سیٹھی نے کہا کہ آئندہ 5 سال کیلئے نئے فیوچر ٹور پلان پر معاملات طے پا چکے ہیں لیکن ہماری رضامندی آئی سی سی کمیٹی کے فیصلے سے مشروط ہے کیونکہ اگر فیصلہ ہمارے حق میں ہوتا ہے تو انہیں فیوچر ٹور پروگرام تبدیل کرنا پڑے گا ۔ اجلاس میں شریک ہندوستانی بورڈ کے سیکریٹری امیتابھ چوہدری نے ایک بار پھر اسے معاہدہ ماننے سے ہی انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تو صرف اظہار دلچسپی کا خط تھا، کوئی معاہدہ نہیں اوردونوں بورڈز میں واضح طور پر یہ بات طے ہوئی تھی کہ اگر آئی سی سی کے نئے مالیاتی ماڈل کا فیصلہ نہیں ہوا تو پھر یہ خط بے اثر ہوجائے گا۔ سیٹھی نے کہا کہ معاہدے میں کہیں بھی سیریز کو حکومتی اجازت سے مشروط نہیں کیا او ر ہندوستانی بورڈ ہر مرتبہ حکومت کی اجازت نہ ہونے کا بہانہ کرکے کھیلنے سے انکار کر دیتا ہے اگر یہ بات اتنی ہی اہم تھی تو انہوں نے اس کو معاہدے کا حصہ کیوں نہیں بنایا ویسے بھی ہندوستانی بورڈ کیلئے حکومت سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں کیونکہ آئی سی سی کرکٹ بورڈ کے معاملات میں متعلقہ حکومت کو مداخلت کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ میں سیاست کو کرکٹ کا حصہ نہیں بنانا چاہتا لیکن یہ بدقسمتی ہے کہ ہندوستانی بورڈ کرکٹ کے معاملات میں سیاست کوبھی گھسیٹ رہا ہے ، صورتحال کرکٹ تعلقات کو متاثر کر رہی ہے ۔

شیئر: