Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نارووال میں نیشنل اسپورٹس سٹی کا قیام

 
 
ہمایوں حفیظ مرزا۔نارووال
 
صدر پاکستان ممنون حسین نے افتتاح کیا، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال اور چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی بھی موجود تھے،افتتاحی میچ میںمصباح الحق،شعیب ملک،محمد حفیظ ،احمد شہزاد،عبدالسمیع اور عبدالرزاق نے حصہ لیا
  صدر پاکستان ممنون حسین نے نارووال میں 732ملین کی خطیر رقم سے تیار ہونے والے اسپورٹس سٹی کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب کے بعد نامور قومی کھلاڑی مصباح الحق،شعیب ملک،محمد حفیظ ،احمد شہزاد،عبدالسمیع ، سہیل تنویراور عبدالرزاق سمیت دیگر کھلاڑیوں نے نارووال اسپورٹ سٹی کی کرکٹ گراونڈ پر نمائشی میچ کھیلا ۔ اس موقع پر نوجوانوں کی بڑی تعداد جس میں خواتین بھی شامل تھیں نیشنل اسپورٹس سٹی میں موجود تھیں ۔ اسٹیڈیم کسی انٹرنیشنل میچ کا منظر پیش کر رہا تھا۔ قومی کھلاڑیوں نے نمائشی میچ میںچوکوں، چھکوں سے شائقین کے دل جیت لئے۔تماشائی ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالتے رہے۔افتتاح تقریب کے بعد صدر پاکستان ممنون حسین نے خطاب میں کہا کہ نارووال کو پاکستان کا جدید ترین اسپورٹس سٹی مبارک ہو۔پاکستان میں کھیل کے میدان آباد کرنے کے سلسلے میں اس شاندار منصوبے کی تکمیل پر اس حلقہ کے ایم این اے اور وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال چوہدری اور انکی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ احسن اقبال کی خصوصی جدوجہد نے اس خواب کو حقیقت میں بدل ڈالا۔یہ ا سپورٹس سٹی حکومت پاکستان کی طرف سے نوجوانوں کیلئے تحفہ ہے۔ صدر ممنون نے کہا کہ خوشی ہے کہ اس شہر کے نمائندوں نے اپنا فرض ادا کیا اور اب یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ ان سہولتوں سے فائدہ اٹھا کر کھیلوں کی دنیا میں پاکستان کا جھنڈا بلند کریں۔ تاریخ گواہ ہے کہ وہی قومیں ترقی کی منزل پر پہنچیں جہاں کے کھیل کے میدان آباد تھے ۔ ضروری ہے کہ نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں جیسی صحت مند سرگرمیوں میں مصروف کر دیا جائے۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے شائقین کرکٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ضلع نارووال کے لئے بہت بڑا دن ہے ۔نیشنل اسپورٹس سٹی میں کھیلوں کی بین الاقوامی سہولیات میسر ہوں گی۔ 4سابق قومی کپتان نارووال اسپورٹس سٹی میں نمائشی میچ کھیل رہے ہیں۔ا سپورٹس سٹی کے قیام سے نارووال میںٹیلنٹ بڑھے گا اورملک کے دوسرے حصوں سے کھلاڑی یہاں آکر تربیت حاصل کریں گے۔ یہ قومی نوعیت کا منصوبہ ہے جو نارووال کے عوام کیلئے تحفہ ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا وفاقی حکومت نے ملک بھر میں 100کے قریب ا سٹیڈیم بنائے ہیں۔چیئرمین پی سی بی سی نجم سیٹھی نے کہا کہ اگر احسن اقبال نے اپنے وعدہ کے مطابق یہاں بین الاقوامی سہولیات دیں گے تو میرا وعدہ ہے کہ پی ایس ایل کے میچ یہاں کروائیں گے۔ اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری خواجہ محمد وسیم بٹ،ضلعی چیئرمین احمد اقبال ،چیئرمین بلدیہ پیر سید اظہر الحسن گیلانی بھی موجود تھے اور شہر کی دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ 

شیئر: