Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ون ڈے رینکنگ : انگلینڈ نے ہند سے پہلی پوزیشن چھین لی

دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سالانہ ون ڈے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ اپ ڈیٹس میں انگلینڈ کی ٹیم نے ہندوستانی ٹیم کو پہلی پوزیشن سے محروم کردیا جبکہ پاکستانی ٹیم نے ٹی ٹوئنی میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے ۔ آئی سی سی نے سالانہ اپ ڈیٹس کا اعلان کیاجس میں ون ڈے میں انگلش ٹیم نے 8پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کی جگہ پہلی پوزیشن سنبھال لی جبکہ ہندوستانی ٹیم ایک پوائنٹ کے خسارے سے بھی دوچار ہوئی ۔اس فارمیٹ میں پاکستان کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے۔ انگلش ٹیم کے رینکنگ پوائنٹس اب 125جبکہ ہند کے 122ہو گئے ہیں۔جنوبی افریقہ 4پوائنٹس کے خسارے کی وجہ سے دوسرے سے تیسرے نمبر پر چلا گیا جبکہ نیوزی لینڈ صرف ایک پوائنٹ کے فرق سے چوتھے نمبر پر ہے ۔بقیہ 6ٹیمیں اپ ڈیٹ سے پہلے کی پوزیشن پر برقرا رہیں۔ ان میں آسٹریلیا پانچویں، پاکستان چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں ، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں اور افغانستان دسویں نمبر پر ہے۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی رینکنگ میں پاکستانی ٹیم نے نمبر ون کا اعزاز برقرار رکھا ہے اور دوسرے نمبر پر موجود آسٹریلیا سمیت اس کے پوائنٹس میں بھی کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ۔ پاکستان کے130جبکہ آسٹریلیا کے126پوائنٹس ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی کی ابتدائی 7 ٹیموں کی رینکنگ برقرار ہے لیکن افغانستان نے سری لنکا کی آٹھویں پوزیشن پر قبضہ کرلیا ہے ۔ اب سری لنکا نویں اور بنگلہ دیش 10ویں نمبر پر موجود ہیں۔11 تا17نمبر پراسکاٹ لینڈ ،زمبابوے، ہالینڈ، متحدہ عرب امارات ، ہانگ کانگ ، عمان اور آئر لینڈ موجود ہیں جبکہ نیپال کو رینکنگ میں جگہ بنانے کیلئے مزید ایک میچ کی ضرورت ہے جس کے بعد وہ بھی درجہ بندی میں شامل ہو جائے گا۔

شیئر: