Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فٹبال پریمیئر لیگ کے ڈراز میں" فکسنگ "

 
لندن:انگلینڈ کے سب سے معروف فٹبال ٹورنامنٹ  پریمیئر لیگ میں ڈرا ز کے دوران 6ٹاپ ٹیموں کے میچ’’فکس‘‘ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ اس فکسنگ کی نوعیت یہ ہوتی ہے کہ ان ابتدائی6ٹیموں کے درمیان لیگ کے آغاز اور اختتام کے ویک اینڈز پر مقابلے نہ ہوں جبکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جاتا تھا کہ یہ ٹیمیں سیزن کے پہلے یا آخری دن مقابلہ نہ کریں ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بارے میں شائقین اور کئی ٹیموں کے مینجرز گزشتہ کئی سال سے شکوک و شبہات کا اظہار کرتے آرہے تھے تاہم اب برطانوی جریدے نے لیگ انتظامیہ کی جانب سے نشریاتی حقوق سے متعلق ٹینڈر دستاویزات کی روشنی میں واضح کیا ہے کہ نشریاتی اداروں کو بھی اس بات کی یقین دہانی کرائی جاتی تھی کہ مخصوص ویک اینڈز پر ٹورنامنٹ کی 2ٹاپ ٹیموں کے درمیان مقابلے ہوں گے تاکہ شائقین کے زیادہ متوجہ ہونے اور دلچسپی کے باعث ان نشریاتی اداروں کی آمدنی میں اضافہ ہو۔ اسی طرح یہ اہتمام بھی ہوتا تھا کہ ایک اور بڑے ٹورنامنٹ ایف اے کپ کے سیمی فائنلز کے موقع پر بھی ان بڑی ٹیموں کا کوئی میچ نہ ہو تاکہ شائقین منقسم نہ ہو سکیں۔ کئی ٹیموں کے مینجرز یہ کہہ چکے ہیں کہ پریمیئر لیگ کے ڈراز سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نکالے جاتے تھے اور اس میں تمام ٹیموں کو آزادانہ طور شامل نہیں کیا جاتا تھا جبکہ شائقین بھی اس کی نشاندہی کرتے رہے ہیں۔ نقادوں کا کہنا ہے کہ اس طرح بڑے اور مشہور کلبوں کیلئے زیادہ سے زیادہ آمدنی کے امکانات پیدا کئے جاتے ہیں کیونکہ بیرون ملک نشریاتی حقوق کے بڑے بڑے معاہدے انہیں بھی فائدہ پہنچاتے ہیں۔ 2019-22ء کے سیزنز کیلئے جو ٹینڈر تفصیلات ان اداروں کی فراہم کی گئی ہیں ان میں ’’ٹاپ 6 ‘‘ ٹیموں اور ’’ٹاپ 8 کلب میچز’‘‘کی باقاعدہ تفصیل ہے کہ یہ کس انداز میں منعقد کئے جائیں گے۔ پریمیئر لیگ ذرائع کے مطابق اس نظام کا مقصد نشریاتی معاہدوں اور شائقین کی تعداد کے حوالے سے فوائد سمیٹنا ہے ۔
 

شیئر: