Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈے نائٹ ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے ، خطرہ ہے، ہند


میلبورن: ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے با ضابطہ طور پر انکار کردیا ہے اور کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی کے انکار کے بعد ایڈیلیڈ ٹیسٹ بھی اب دن میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مجوزہ سیریز 4 ٹیسٹ میچز پر مشتمل ہوگی ۔اس سیریز میں سے ایک میچ ڈے اینڈ نائٹ ہونا تھا تاہم میزبان بورڈ کی سخت کوششوں کے باوجود مہمان بورڈ ہند نے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے پر آمادگی ظاہر نہیں کی ۔اس سے پہلے ہندوستانی ٹیم انتظامیہ کے ارکان کی جانب سے اس کی مخالفت میں بیانات آتے رہے۔ چند روز پہلے ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری نے بھی کہا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں کو گلابی گیند سے کھیلنے کا کوئی تجربہ نہیں اور ہم یہ میچ رات کو نہیں کھیلیں گے۔کرکٹ آسٹریلیا نے ہندوستانی کرکٹ بورڈ کو ایڈیلیڈ اوول میں 6 دسمبر کو شیڈول ڈے اینڈ نائٹ میچ کیلئے راضی کرنے کی غرض سے بھرپور لابنگ بھی کی تاہم ہندوستانی بورڈ نے یہ میچ گلابی گیند کے بجائے روایتی سرخ گیندسے ہی کھیلنے پر اتفاق کیا ہے۔ آسٹریلوی ترجمان کا کہنا تھا ہندوستانی بورڈ نے ہمیں گزشتہ روز اپنے اس فیصلے سے با ضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔ گزشتہ کئی سیزنز سے ایسے ٹیسٹ کا انعقاد روایتی کرکٹ کو مقبول بنانے کی ہماری کوششوں کا حصہ ہے ۔اب ہم جنوری میں سری لنکا کے خلاف ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلیں گے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم 21 نومبر سے 19 جنوری2019ء تک آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جس کے دوران 4 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ہندوستانی بورڈ نے 2016 میں ڈومیسٹک چیمپیئن شپ دلیپ ٹرافی میں گلابی گیند کا تجربہ کیا جس کے بعد انتظامیہ اور نامور کھلاڑیوں نے کرکٹ بورڈ کو گلابی گیند سے انٹرنیشنل کرکٹ نہ کھیلنے کا مشورہ دیا۔ عام تاثر یہ ہے کہ مہمان ٹیم اس مرتبہ قدرے کمزور اور مسائل سے دوچار میزبان ٹیم کے خلاف پہلی مرتبہ اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے کی کوشش میں ہے اور ڈے نائٹ ٹیسٹ میں اس کے تجربے اور مسلسل کامیابیوں کو دیکھتے ہوئے کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں۔

شیئر: