کنگ کپ کا فائنل جدہ میں ہوگا، شاہ سلمان ٹرافی دینگے

جدہ: کنگ فٹبال کپ ٹورنامنٹ کا فائنل جمعہ 12مئی کو کھیلا جائے گا۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔ یہ میچ الاتحاد کلب جدہ اور الفیصلی کلب المجمعہ کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔ میچ انتہائی دلچسپ اور سخت ہوگا۔ دونوں ٹیمیں تقریباً ہم پلہ ہیں جس کی وجہ سے کوئی ٹیم دوسری کو آسانی سے جیتنے کا موقع نہیں دے گی۔ قبل ازیں جدہ کے کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی کے الجوہرہ اسٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے اس فائنل میچ کے ٹکٹوں کی مفت تقسیم کا اعلان کیا گیا۔ یہ ٹکٹ آن لائن جاری کئے گئے۔ ٹکٹوں کی تقسیم کی خاص بات یہ رہی کہ صرف 7منٹ کے دوران تماشائیوں نے 47170ٹکٹ بک کرلئے۔اس سے میچ میں تماشائیوں کی دلچسپی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ سعودی عرب کی قومی ٹیم فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کر رہی ہے اور اپنا ابتدائی میچ میزبان روس کیخلاف کھیلے گی۔ قومی ٹیم کی فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کے باعث مملکت بھر میں فٹبال کے کھیل میں جوش و خروش میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ 
 

شیئر: