Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رضا کاروں کے اعزاز میں حج والنٹیئرگروپ کی طرف سے تقریب

پا کستانی حج رضا کاروں کو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ اُس نے ان کو اپنے مہمانوں کی خدمت کیلئے چنا ہوا ہے، عبدالشکور شیخ 
 ذکاء اللہ محسن۔ ریاض
    حج کے موقع پر حجاج کرام کی رضاکارانہ طور پر خدمت کرنیوالے افراد کے اعزاز میں پاکستان حج والنٹئیر گروپ کی جانب سے تقریب منعقد ہوئی جس میں سیکڑوں رضا کاروں نے شرکت کی۔
    پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ میں رضا کاروں میں سرٹیفکیٹ دینے کی تقریب کے مہمان خصوصی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ تھے جبکہ دیگر عمائدینِ شہر بھی رضا کاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے پہنچے۔
    حج والنٹئیر گروپ ریاض کے کوآرڈینیٹر انجینیئر یوسف اسماعیل نے بتایا کہ پاکستان کمیونٹی پر مشتمل رضا کار گروپ 2012 میں تشکیل دیا گیا تھا۔اُس وقت رضا کاروں کی تعداد محض ڈیڑھ سو افراد مگر آج الحمدللہ 16 سو کے قریب پاکستانی رضا کار حج کے موقع پر خدمات سرانجام دیتے ہیں۔ پاکستانی رضا کار منیٰ، مزدلفہ اور حرم مکی کے قریب اپنی خدمات سرانجام دیتے ہیں۔رضا کاروں کو تربیت دی جاتی ہے اور انہیں نقشہ جات کے ذریعے معلومات فراہم کی جاتی ہیں جن کی مدد سے پاکستانی رضا کار حجاج کرام کو خیموں تک رسائی، بیمار اور معذور حجاج کو وہیل چیئر پر حج کروانے اور ان کی رہائش گاہوں تک رسائی شامل ہے۔
     رضا کاروں نے2سال قبل حج کے موقع پر سانحہ منیٰ کے موقع پر سعودی حکومت کے ساتھ ملکر کام کیا۔حج 2018 کیلئے بھی پاکستانی رضا کار اپنی بھرپور رضاکارانہ خدمات سرانجام دیں گے۔ اس حوالے سے رمضان المبارک کے بعد رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا جائیگا۔
    ناصریہ ا سکول کے پرنسپل پروفیسر طاہر رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں اس با برکت محفل میں شرکت کرکے بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے کیونکہ یہ اُن لوگوں کی محفل ہے جو انسانیت کی اپنی دل وجان کے ساتھ خدمت کرتے ہیں۔
    ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ کا کہنا تھا کہ پا کستانی حج رضا کاروں کو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ اُس نے ان کو اپنے مہمانوں کی خدمت کیلئے چنا ہوا ہے۔ میں مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ آپ نے اتنی اچھی تقریب سجائی ہے۔ بطور سفارت کار میرے لئے بھی یہ خوشی کا باعث ہے کہ جس طرح آپ لوگ عوام الناس کی خدمت کرتے ہیں، اس سے ملک کی نیک نامی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔سفارت خانہ پاکستان اور ویلفیئر وِنگ ہر طرح کی سہولیات فراہم کر رہا ہے اور آئندہ بھی بھرپور طریقے  سے ساتھ دے گا۔تقریب کی نظامت کے فرائض ابرار تنولی نے سرانجام دئیے۔
مزید پڑھیں:-  - - -مسجد نبوی میں تلنگانہ این آر آیز ویلفیئر ایسوسی ایشن کادستر افطار

شیئر: