Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے 45سالوں سے بہترین تعلقات ہیں، متحدہ عرب امارات

اسلام آباد..... پاکستان میں تعینات امارا ت کے سفیر حماد عبید الزادی کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین 45سالوں سے خوشگوار تعلقات موجود ہیں، امارات میں تقریباً17لاکھ پاکستانی مختلف شعبو ں میںخدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کےلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ان خیالا ت کا اظہار انہوںنے ”اعتماد “ سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اماراتی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران تعلقا ت کو مزید بہتر بنانے کے لیے کام کررہے ہیں۔ امارات میں پاکستانیوںکی بہت بڑی تعداد موجود ہے جو زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ ہم دوست مسلم ملک کے ساتھ کام کرنے میں خوشی محسوس کرتے ہیں۔ دستاویزات کی تصدیق کیلئے بہتر سہولت فراہم کرنے کیلئے ” اعتماد “ کے دفتر نے کام شروع کردیا ہے۔ مجھے امید ہے کہ پاکستانی ”اعتماد “کی فراہم کردہ سہولتوں سے مطمئن ہونگے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان اور یواے ای کے درمیان تجارتی حجم 8ارب سے زیادہ ہے، اس تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان کے مختلف شہروں تجارتی وفود سے ملاقاتیں کی ہیں۔ یواے ای کے سفیر نے کہا کہ دونوںممالک کے درمیان پرائیویٹ سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ باہمی تجارت کو فروغ دینے کیلئے پرائیویٹ سرمایہ کاروں کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں پاکستانی سرمایہ کاروں کو یواے ای کی دعو ت دی ہے۔ اس موقع پر ”اعتماد “ کے کنٹری ڈائریکٹر طارق الہیٰ نے یواے ای کے سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اعتماد نے اسلام آباد کے علاوہ دیگر بڑے شہروں میں بھی تصدیق کے دفاتر قائم کردیئے ہیں تاکہ پاکستانی کو نزدیک ترین سنٹر میں اپنے کاغذات کی تصدیق کروا سکیں۔ انہوںنے کہا کہ اعتماد اپنے ہم وطنوںکیلئے بہتر اور خوشگوار ماحول کو قائم رکھے گا ۔ 

شیئر: