Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد عامرکی درجنوں وکٹوں سے محرومی


ڈبلن:پابندی کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آنے والے فاسٹ بولر محمد عامر ساتھی فیلڈرز کی وجہ سے درجن سے زائد وکٹوں سے محروم ہو چکے ہیں ۔ یہ وہ وکٹیں ہیں جو عامر کی بولنگ پر ڈراپ کئے جانے والے کیچز کے نتیجے میں ان کے حصے میں نہ آسکیں جبکہ اس دوران وہ خود بھی اپنی گیند پر حریف بیٹسمینوں کے کیچ ڈراپ کرتے رہے۔ آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کپتان اور وکٹ کیپرسرفراز احمد نے ایڈجوائس اور اظہر علی نے آئرش کپتان ولیم پورٹر فیلڈ کے کیچ نہ پکڑ کر انہیں اننگز جاری رکھنے کا موقع فراہم کیا ۔اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں 5سال پابندی کی سزا مکمل ہونے پر محمد عامرکی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہوئی، اب تک انہوں نے 17 ٹیسٹ کھیلے جس میں16کیچز ڈراپ ہوئے۔ انگلینڈ کیخلاف لارڈز ٹیسٹ2016 میں محمد حفیظ اور سرفراز احمد نے ایک ایک مرتبہ الیسٹر کک کو موقع دیا۔اولڈ ٹریفورڈ میں اسد شفیق نے ایلکس ہیلز جبکہ یونس خان نے جیمز ونس کا کیچ ڈراپ کیا۔ اوول میں اظہر علی نے معین علی کو اننگز جاری رکھنے میں مدد فراہم کی، ویسٹ انڈیز کیخلاف شارجہ ٹیسٹ میں لیون جانسن کو مصباح الحق اور سمیع اسلم نے مواقع ضائع کرتے ہوئے محمد عامر کو وکٹ سے محروم رکھا۔نیوزی لینڈ کیخلاف ہیملٹن ٹیسٹ میں سمیع اسلم نے2مرتبہ جیت راول کا کیچ چھوڑا،محمد عامر اپنی ہی گیند پر ولیمسن کا ریٹرن کیچ نہ تھام سکے۔ آسٹریلیا کیخلاف میلبورن ٹیسٹ میں بھی انہوں نے پیٹر ہینڈز کومب کو پویلین بھیجنے کا موقع گنوایا۔دورۂ ویسٹ انڈیز میں بارباڈوس ٹیسٹ میں احمد شہزاد نے کارلوس بریتھ ویٹ کا کیچ چھوڑا جبکہ سری لنکا کیخلاف ابوظبی ٹیسٹ میں دوسری سلپ میں اسد شفیق گیند پر قابو پانے میں ناکام رہے۔

شیئر: