Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وقت کی قدر کریں

زبیر پٹیل ۔ جدہ
       گزشتہ روز ٹی وی چینلز پر ایک خبر پر اب تک حیران ہوں اور سمجھ نہیں آرہاکہ کیا کہوں۔ بہرحال یہاں ایک خبر جاری ہوئی ہے جس کے مطابق جاپانی ٹرین کمپنی نے ایک واقعہ پر عوام سے معذرت کی ہے ۔ معذرت صرف اسلئے کی گئی ہے کہ انہوںنے ٹرین 25سیکنڈ قبل اسٹیشن سے روانہ کردی تھی۔
       مجھے حیرت صرف اسی بات پر ہے کہ جاپان اور یورپی ممالک میں وقت کے حوالے سے کتنی قدر ہے اور وہ سیکنڈوں کے حساب سے کام کرتے ہیں۔ ان کے کام کے اس معیار کی ہمیں قدر کرنی چاہئے اور اگر ہم اپنی جانب دیکھیں تو ہمیں پتہ چلتا ہے کہ ہم تو دن میں کئی کئی گھنٹے فضول باتوں اور موبائل سرفنگ میں گزار دیتے ہیں جس کا کوئی حساب نہیں۔
       یہی حال امریکہ اور یورپ کے دیگر ممالک کا بھی ہے۔ وہاں سے بھی گزشتہ دنوں ایک خبر جاری ہوئی تھی کہ ایک طیارے کو 10منٹ قبل روانہ کردیا گیا تھا جس پر مسافروں سے معذرت کی گئی تھی۔ یعنی ان کے یہاں وقت کی اہمیت ہے۔ اس کا اندازہ مذکورہ بات سے لگایا جاسکتا ہے اور دوسری جانب اگرہم اپنا موازنہ ان سے کریں تو ہم خود کو کسی بھی لائن میں دور، دور تک نہیں پاتے۔
       ہمیں بھی وقت کی قدر کرنی چاہئے کیونکہ گیا وقت پھر واپس نہیں آتا۔ شاید اسی کے مصداق جاپان اور مغرب کے لوگ عمل کرتے ہیں اور اس وقت ماہ مبارک ہمارے ساتھ ہے۔ اس میں وقت کو ضائع نہ کریں۔ ہمیں خوب سے خوب تر عبادت کرنی چاہئے۔ کیا پتہ آئندہ سال ہمیں یہ ماہ مبارک پھر نصیب ہو یا نہ ہو اسلئے وقت کی قدر کرنا سیکھیں اسی میں خیر ہے۔
********

شیئر: