ماجد جہانگیر فاقہ کشی کا شکار

 معروف کامیڈین ماجد جہانگیرفالج کا مہنگا علاج کروانے اور بے روزگاری کے باعث فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ وہ امداد کیلئے ایک مرتبہ پھر لاہور پہنچ گئے ہیں۔سندھ حکومت سے امداد کیلئے کی جانے والی اپیلوں پر اتنا وقت گزرنے کے باوجود کوئی عملدرآمد نہ ہوسکا۔ لاہور آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماجد جہانگیر نے کہاکہ فالج کے مرض نے سڑک پر لاکھڑا کیا ہے۔ اپنی صلاحیتوں سے ہمیشہ لوگوں کے اداس چہروں پر مسکراہٹ بکھیری لیکن آج میں روٹی کے ایک لقمہ کو ترس گیا ہوں۔ماجد جہانگیر نے کہا کہ فن و ثقافت کے فروغ کیلئے کام کرنے والے اداروں کی اس سے بڑی لاپروائی کیا ہوگی کہ کسی نے امداد کی اور نہ ہی خیریت پوچھی۔ اسی لئے میں زندہ دلان لاہور میں امداد کے لئے آیا ہوں۔ لاہور کی اہم شاہراہوں پر جاکر لوگوں سے امداد کی اپیل کروں گا۔
 

شیئر: