Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویمنز ایشیا کپ: پاکستانی ٹیم ہند سے ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر

 
کوالالمپور:ہند کے خلاف ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن روایتی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے7وکٹوں کے نقصان پر 72رنز ہی بنا سکی۔ ہندوستانی ٹیم نے 7وکٹوں سے کامیابی سمیٹ کر فائنل تک رسائی کرلی جبکہ پاکستانی ٹیم فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ۔ ٹورنامنٹ کا فائنل آج ہند اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنل کی حیثیت رکھنے والے اس آخری لیگ میچ میںپاکستان ٹیم کی 7کھلاڑی ڈبل فگر زمیں بھی داخل نہ ہوسکیں جبکہ اوپنر ناہیدہ خان 18اور سابق کپتان ثناءمیر ناقابل شکست 20رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ایکتا بشٹ نے14رنز دے کی 3وکٹیں لیں اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں ۔ پاکستانی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن یہ فیصلہ درست ثابت نہ ہو سکا ۔ایک رن پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد سے ہی بیٹنگ لائن دباﺅ کا شکار ہو گئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اوپنر ناہیدہ خان اور سابق کپتان ثناء میر ہی کسی حد تک مزاحمت کر سکیں اور اپنے اسکور ڈبل فگرز میںپہنچانے میں کامیاب ہو سکیں ۔ ناہیدہ خان نے27گیندوں پر2چوکوں کی مدد سے 18رنز بنائے ۔ ثنا ء میر نے38گیندیں کھیلیں اور 20 رنز بنائے ان کے ساتھ ڈیانا بیگ6رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہیں۔پاکستانی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 7وکٹیں گنوا کر73رنز کا ہدف ہی دے سکی۔ہندوستانی بولر ایکتا بشٹ نے اچھی بولنگ کی اور 4اوورز میں صرف 14رنز کے عوض3وکٹیں لینے میں کامیاب رہیں۔ سینیئر فاسٹ بولر جھولن گوسوامی نے 3اوورز میں10رنز دیئے لیکن عمدہ کفایتی بولنگ کے باوجود وکٹ نہ لے سکیں۔ ایک کھلاڑی کو شیکھا پانڈے، انجو پٹیل،پونم یادو اوردپتی شرما نے پویلین بھیجا۔ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم بھی 5کے اسکور پر2وکٹوں سے محروم ہو گئی تھی لیکن اوپنر سمرتی مندھنا کے ساتھ کپتان ہرمنپریت کورنے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور 65رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچادیا تاہم مندھنا 70کے مجموعی اسکور پر38رنز بنا کرآوٹ ہو گئیں ۔ کپتان ہرمنپریت اور انجو پٹیل نے 17ویں اوور میں ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا ۔ ہند نے3وکٹوں پر75رنز بنا کر فائنل میں جگہ پکی کرلی۔ ہرمنپریت نے34رنز بنائے جبکہ انجو پٹیل کو کوئی گیند کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ ہندوستانی بیٹنگ بھی مشکلات کا شکار رہی لیکن اوپنر اور کپتان نے دباﺅ کا مقابلہ کرکے ہدف تک رسائی یقینی بنا لی۔انعم امین نے 4اوورز میں10رنز دے کی2وکٹیں لیں اور ایک کھلاڑی کو نشرہ سندھو نے آوٹ کیا ۔ادھر بنگلہ دیشی ٹیم نے میزبان ملائیشیا کو70رنز سے شکست دے فائنل تک رسائی حاصل کی ۔ بنگلہ دیش نے 130/4رنز بنائے ، ملائیشین ٹیم 9وکٹوں پر60ہی بنا سکی۔

شیئر: