Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2 ہزار سے زائد امیدوار مختلف محکموں کے نادہندہ

اسلام آباد:  آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات کے لیے ملک بھر سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ابھی تک 2 ہزار 368 امیدوار محکموں محکموں کے نادہندہ نکلے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ریٹرننگ افسران کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران اسٹیٹ بینک، پی ٹی سی ایل اور ایس این جی پی ایل نے نادہندہ امیدواروں کی فہرستیں الیکشن کمیشن کو بھجوانا شروع کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق تینوں سرکاری اداروں کی جانب سے تاحال 2 ہزار 368 نادہندہ امیدواروں کی فہرست الیکشن کمیشن کو وصول ہو چکی ہے جس کی تفصیلات ریٹرننگ افسران کو روانہ کی جا چکی ہیں۔ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے حنا ربانی کھر، فیصل واڈا، اسد اللہ بھٹو، میاں منظور وٹو اور عبدالستار بچانی کو مختلف بینکوں کا ڈیفالٹر قرار دیا گیا ہے  جبکہ پی ٹی سی ایل کی طرف سے 2 ہزار امیدواروں کو ڈیفالٹر قرار دینے کی فہرست بھیجی گئی ہے جن میں مراد سعید، فیصل کریم کنڈی، عبدالعلیم خان، منظور وٹو، رانا مشہود، یاسمین راشد، عظمیٰ بخاری، بلال یاسین، سرفراز بگٹی، رانا تنویر، رانا افضال، میر ظفر اللہ خان جمالی، گلوکار جواد احمد، حنیف عباسی اور اعجاز چودھری شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق 20 لاکھ روپے سے زائد کا مقروض شخص انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا۔اُدھر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے بھی 268 ڈیفالٹر افراد کی تفصیل الیکشن کمیشن کو بھجوائی ہے۔ اس حوالے سے قانون کے مطابق 10 ہزار روپے سے زائد کا نادہندہ شخص الیکشن لڑنے کا اہل نہیں ہو سکتا۔ جبکہ تحریک انصاف کے پرویز خٹک 10 کروڑ 65 لاکھ، اے این پی کے غلام احمد بلور 14 کروڑ 86 لاکھ، ن لیگ کی تہمینہ دولتانہ 10 لاکھ 57 ہزار کے نادہندہ نکلے اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید، حامد سعید کاظمی اور دیگر بھی نادہندہ ہیں۔
 

شیئر: