Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکم الٰہی کی تعمیل پر اظہار تشکر، عید کا دن

 ** * شیخ عبد اللہ البرنی * * *
  اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ کو خوشی کے 2موقعے ایسے عطا فرمائے جو نہایت مقدس ہیں یعنی عید الفطر اور عید الاضحی۔عید الفطر اسلام کے ایک عظیم رکن کے اختتام پر منائی جاتی ہے یعنی جب اللہ تعالیٰ کے فرمانبردار بندے روزہ جیسی عظیم عبادت کا فرض انجام دیدیتے ہیں اور رمضان المبارک میں خوب عبادت وریاضت کرکے اپنے دلوں کو پاک کرلیتے ہیں اور انکی روح پاکیزگی کا مزہ چکھ لیتی ہے تو بطور تشکر عید الفطر منانے کا حکم ہوتا ہے۔
    عید الفطر کو ’’یوم الجوائز‘‘ بھی کہا جاتا ہے یعنی انعامات کی تقسیم کا دن۔اس دن روزہ داروں اور عبادت گزاروں کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایسے قیمتی انعامات ملتے ہیں جنکی قدر وقیمت کا اندازہ میدانِ آخرت میں ہوگا۔ہم اللہ تعالیٰ کے بندے ہیں لہذا ہماری خوشی بھی مولا کی خوشی کے تابع ہے۔ہم عید کے دن بھی اللہ کی بندگی اور رسول اکرم کی پیروی کے پابند ہیں۔ذیل میں ہم عید کی سنتیں بیان کر رہے ہیں،اللہ تعالیٰ ہم سب کو اتباعِ سنت نصیب فرمائے،آمین۔
    1)عید گاہ جانے سے قبل غسل کرنا۔
    2)مسواک کرنا۔
    3) خوشبولگانا۔
    4)عمدہ لباس پہننا۔
    5)عیدگاہ جانے سے قبل طاق عدد میں کھجوریں کھانا۔
    6)عید گاہ پہنچنے سے پہلے صدقہ فطر ادا کردینا جوکہ واجب ہے۔
    7)راستے میں تکبیر پڑھتے ہوئے جانا جسکے الفاظ ہیں ’’اللہ اکبر، اللہ اکبر، اللہ اکبر، لاالہ الا اللہ واللہ اکبر اللہ اکبر وللہ الحمد ‘‘
    8)عید گاہ جانے اور آنے کا راستہ مختلف رکھنا یعنی جس راستے سے عید کی نماز پڑھنے جائیں واپسی میں گھر آنے کیلئے دوسرا راستہ منتخب کریں۔
    9)عید گاہ میں نماز عید سے پہلے نوافل نہ پڑھے۔
    10)عید کی نماز کے بعد بھی کوئی سنت یا نفل پڑھنا ثابت نہیں۔
    عید کے دن روزہ رکھنا حرام ہے کیونکہ یہ دن اللہ تعالیٰ کی طرف سے کھانے پینے اور خوشی منانے کا حکم ہے البتہ عید کے دوسرے دن روزہ رکھنا جائز ہے۔
    حضرت ابوایوب انصاریؓ سے روایت ہے کہ رسول اکرم نے فرمایا:
    ’’جس شخص نے رمضان کے روزے رکھے پھر شوال کے مہینے میں بھی 6روزے رکھ لے تو اس نے گویا پورا سال روزہ رکھا۔‘‘ ( مسلم)۔
     لہذا سب کو کوشش کرنی چاہئے کہ شوال میں 6روزے ضرور رکھیں۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو نیک عمل کی توفیق عطا فرمائے،آمین۔
مزید پڑھیں:- - - -عید ، یوم الوعید سے ڈرنے کا دوسرا نام

شیئر: