Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ:فیورٹ ٹیموں کا مایوس آغاز

ماسکو: فیفا ورلڈ کپ کے پہلے ہفتے میں دلچسپ میچ کھیلے گئے لیکن شائقین کی بڑی تعداد کوغیر متوقع نتائج بھی دیکھنے پڑے۔ افتتاحی میچ میں سعودی عرب کی ٹیم کو 0-5سے شکست ایک بڑا دھچکا تھا ، ہار جیت ہر کھیل کا حصہ ہے لیکن اتنے بڑے مارجن سے پہلا ہی میچ ہارنے کی توقع نہیں کی جا رہی تھی۔ اسی طرح دفاعی چیمپیئن جرمنی کیلئے بھی آغاز انتہائی غیر متوقع ثابت ہوا جب اسے ابتدائی میچ میں پہلی بار شکست کا سامنا کرنا پڑا۔فرانس نے اپنے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست تو دی تاہم اس کیلئے یہ اتنا آسان نہیں تھا۔ دفاعی چیمپیئن جرمنی کو رینکنگ میں 15ویں نمبر کی ٹیم میکسیکو کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس میچ کو ورلڈ کپ میں اب تک کا سب سے بڑا اپ سیٹ کہا جارہا ہے۔ 1982 ءکے بعد یہ پہلا موقع ہے جب جرمنی کو ورلڈ کپ میں اپنے پہلے ہی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ یہ لگاتار تیسرا ورلڈ کپ ہے جب دفاعی چیمپیئن کو ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں فتح نہ ملی ہو۔ اس سے قبل 2010 میں اٹلی اور پیراگوئے کا میچ برابر رہا تھا جبکہ 2014 ء میں ہالینڈ نے اسپین کو1-5 سے ہرایا تھا۔ میکسیکو کی جرمنی کے خلاف یہ پہلی جیت تھی جبکہ اس نے ورلڈ کپ مقابلوں میں اپنے پہلے میچ میں شکست نہ کھانے کا ریکارڈ بھی برقرار رکھا۔ اب تک6 میں سے5مرتبہ میکسیکو نے اپنے سفر کا آغاز فتح سے کیا ہے جبکہ ایک میچ برابر کھیلا ہے۔ گروپ ای میں برازیل اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ1-1 سے برابر رہا۔یہ 40 برس میں پہلا موقع تھا کہ برازیل کی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا افتتاحی میچ جیتنے میں ناکام رہی۔5مرتبہ کے عالمی چیمپیئن برازیل نے اتوار کی شب میچ کے ابتدائی لمحات میں ہی فلپ کو ٹینو کے شاندار گول کی بدولت برتری تو حاصل کر لی تھی لیکن وہ اسے برقرار نہ رکھ سکا۔برازیل اسٹار فٹبالر نیمار جونیئر کے ہوتے ہوئے دوسرا گول نہ کرسکی۔ پرتگال، اسپین اور ارجنٹائن کی طرح برازیل کو بھی جیت کا مزہ چکھنے کیلئے آئندہ میچوں کا انتظار کرنا پڑے گا۔

شیئر: