Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ن لیگ کے خلاف بغاوت نہیں کی،چوہدری نثار

اسلام آباد ... سابق وزیر داخلہ چوہدری نثارنے کہا ہے کہ کسی سے ناراض یا نالاں نہیں۔ نواز شریف کے مفاد کیلئے اختلاف کیا ہے۔ کوئی اسے بغاوت سمجھے میں اسے بغاوت نہیں سمجھتا۔ مسلم لیگ (ن) کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ نواز شریف کے ساتھ مل کر پارٹی کی ایک ایک اینٹ رکھی۔ میرے اختلافات مسلم لیگ (ن) یا مریم نواز کے ساتھ نہیں۔نواز شریف کے ساتھ سیاسی اختلافات ہیں۔آزاد حیثیت میں الیکشن کیوں لڑ رہا ہوں۔ بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کے بعد کھل کر قوم اور اپنے حلقہ کے عوام کے سامنے حقائق رکھوں گا۔ میرا کسی سیاسی جماعت سے کوئی رابطہ ہے نہ مجھے کوئی لالچ ہے۔کسی آوارہ بس کا مسافر نہیں، نہ میں کسی بس کی تلاش یا انتظار میں ہوں۔ آزاد حیثیت میں الیکشن لڑوں گا ۔میرے اس فیصلہ میں کوئی لچک نہیں ۔ جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے حوا لے سے گذشتہ کچھ دنوں سے مختلف خبریں گشت کرتی رہیں ۔ ایسے ایسے فقرے اخبارات اور ٹی وی چینلز پر میرے منہ میں ڈال کر چلائے گئے جو میرے وہم و گمان میں بھی نہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ 10 دن پہلے ایک مکمل طور پر جعلی خبر چلائی گئی جس میں ایسا کوئی حوالہ نہیں تھا کہ میں نے یہ بات کہاں کہی کہ پی ٹی آئی میں 10 غلطیاں ہیں اور مسلم لیگ (ن) میں 100 غلطیاں ۔ انہوں نے کہا کہ چکری میں الیکشن مہم کے آغاز کی تقریب کو بنیاد بنا کر طرح طرح کی باتیں کی گئیں حالانکہ وہ گفتگو ریکارڈ پر ہے۔ اسے نکال کر دیکھا جا سکتا ہے کہ میں نے کہاں ایسی بات کی ہے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ یہ ضرور کہا تھا کہ میں نواز شریف کے ساتھ اختلافات کی وجوہ بیان کروں گا۔ اب میں نے فیصلہ کیا ہے کہ بیگم کلثوم نواز صاحبہ کی مکمل صحت یابی تک اس حوالے سے پریس کانفرنس نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی کہا تھا کہ اگر حساب کتاب ہوا تو میرا ان کی طرف نکلے گا جو ایک سیاسی بیان ہے۔ صرف سیاسی اختلافات کی بات کر رہا ہوں۔ ذاتی اختلافات کی نہیں۔ ایسے الفاظ جو میرے حوالے سے سامنے آئے یہ میرا طرز سیاست ہی نہیں ۔میں تلخ سے تلخ بات نظر انداز کرتا ہوں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ مجھ سے بھی غلطیاں ہوئیں۔نواز شریف سے 34 سالہ تعلق رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک وفاداری یہ نہیں کہ لیڈر کی ہاں میں ہاں ملائی جائے۔ وفاداری یہی ہے کہ جو بات آپ کی سمجھ کے مطابق صحیح ہے وہ مشورہ دیا جائے۔ 
مزید پڑھیں:تحریک انصاف میں شامل نہیں ہورہا،زعیم قادری
 

شیئر: