Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہوش حیات کےخلاف کارروائی کریں گے، بختاور بھٹو

پاکستان کی سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی زندگی پربننے والی فلم پراعتراض اٹھاتے ہوئے ان کی صاحبزادی بختاور بھٹو نے فلم کی ٹیم کےخلاف ایکشن لینے کا اعلان کردیا ہے۔ایک روز قبل ہی اداکارہ مہوش حیات نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے محترمہ بے نظیربھٹو کی زندگی پر بننے والی فلم میں کام کرنے کی تصدیق کی تھی جس کے بعد یہ خبر محض چند گھنٹوں میں پورے میڈیا پرپھیل گئی تھی۔
مہوش حیات کے اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی ان کے فیصلے کو سراہا جارہا تھا اور کہا جارہا تھا کہ مہوش حیات محترمہ بے نظیربھٹو کی تصویر پیش کرنے اور ان کا کردار ادا کرنے کے لئے انتہائی مناسب اداکارہ ہیںتاہم بے نظیر بھٹو کی بیٹی بختاور بھٹو کو مہوش حیات اورفلم کی ٹیم کا یہ فیصلہ پسند نہیں آیا اورانہوں نے ٹویٹر پر سخت الفاظ میں اپنی والدہ کی زندگی پربننے والی فلم پراعتراض اٹھادیا۔بختاوربھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ان کی والدہ کی زندگی پربننے والی فلم کے حوالے سے ان کے وارث اوربچوں سے کسی قسم کی رضامندی حاصل نہیں کی گئی،یہ ہمارے لئے بالکل بھی قابل قبول نہیں اورہم اس کےخلاف کارروائی کریں گے۔بختاوربھٹو کی جانب سے ٹویٹ کرنے کے تھوڑی دیر بعد ہی اداکارہ مہوش حیات نے جوابی ٹویٹ کرتے ہوئے وضاحت دی کہ محترمہ بختاور کی والدہ محترمہ کی زندگی پربننے والی فلم کا پراجیکٹ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اسے آپ کے خاندان کی اجازت اورنیک خواہشات کے بغیر آگے نہیں بڑھایا جائے گا۔مجھے یقین ہے کہ ہماری ٹیم پراجیکٹ کومزید آگے بڑھانے سے پہلے آپ سے رابطہ ضرور کرے گی۔
مہوش حیات نے کہا کہ ایک فلم سے ہٹ کر بطور اداکارہ میں اپنی آئیڈیل شخصیت بے نظیر بھٹو کے بارے میں تحقیق کررہی ہوں۔ میں ایک دن آپ سے ملنا چاہوں گی تاکہ ان کے بارے میں مزید جان سکوں۔واضح رہے کہ بے نظیربھٹوکی زندگی پر بننے والی فلم کا پراجیکٹ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے لہٰذا فلم میں مہوش حیات کے کام کرنے کے علاوہ مزید کاسٹ کے حوالے سے فی الحال کوئی تفصیلات منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔
 

شیئر: