Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی کے فنڈز دبئی چلے گئے ،شہباز شریف

کراچی ...مسلم لیگ(ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم بہت ضروری ہے لیکن اسے قومی وحدت کی قیمت پر کسی صورت نہیں بننا چاہیے۔کراچی میں دہشت گردی، بھتہ مافیا اور بوری بند لاشیں ملنا معمول تھا تاہم ہماری حکومت نے کراچی سے دہشت گردی ختم کرنے کا آپریشن شروع کیا۔ آج تک کراچی کو معاشی حق نہیں دیا گیا۔ انہیں ان کا حق دلا وں گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کامیاب ہوئے تو6ماہ میں کراچی کا کوڑا کرکٹ صاف، 3 سال میں گھر گھر پانی دینگے۔ پبلک ٹرانسپورٹ اور مسائل کے حل کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع کرینگے۔ پیر کو تاجروں سے ملاقات اور بلدیہ ٹاون میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن )نے انتخابی مہم کا آغاز قائد کے شہر سے کیا ہے۔ انتخابی امیدوار کی حیثیت میں آپ کے سامنے کھڑا ہوں۔ضابطہ انتخابی منشور آئندہ ماہ جاری کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ کاروباری آسانی کے لئے چین اور یورپ کی طرز پر ون ونڈو آپریشن کی سہولت دیں گے ۔یوٹیلیٹی اداروں کے حوالے سے پارلیمنٹ سے قانون پاس کر کے ون ونڈو سہولتوں کا پابند کریں گے۔انہوںنے کہا کہ کراچی کے 4 بڑے ایشوز کو سیاسی جماعتوں سے مل کر حل کریں گے۔ بجلی اور پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے جتنا بھی پیسہ لگا، ہم لگائیں گے۔ پبلک ٹرانسپورٹ بھی کراچی کے شہریوں کا حق ہے۔میٹرو بس اور اورنج لائن لاہور کے بجائے پہلے کراچی میں بنی چاہئیے تھی۔ انہوںنے کہا کہ ہماری مائیں بہنیں ٹوٹی پھوٹی بسوں میں سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ جو بسیں کراچی میں چل رہی ہیں وہ تو ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی نہیں چلتیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے فنڈز دبئی چلے گئے۔25برس تک اس شہر کے ساتھ ظلم ہوتا رہا ہے۔ کراچی والوں کا خادم بن کر کام کروں گا ۔ کراچی پاکستان کا گیٹ وے ہے اسے پیر س بنا کر دکھاوں گا۔
مزید پڑھیں:صاف پانی اسکینڈل،شہباز شریف کیلئے سوالنامہ تیار

شیئر: