Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب ممالک روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے میں فطری شریک ہیں، چینی صدر

 بیجنگ..... چینی صدر نے واضح کیا ہے کہ عرب ممالک روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے میں چین کے فطری ساجھے دار ہیں۔ وہ چینی عرب تعاون فورم کے آٹھویں سیشن سے بیجنگ میں افتتاحی خطاب کررہے تھے۔ چینی صدر نے اس موقع پر مختلف شعبوں میں چین عرب تعلقات کو مضبوط اور موثر بنانے کے طور طریقوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی تعلقات چین اور عربوں کے مضبوط ہونے ضروری ہیں۔ فورم میں امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے جبکہ سعودی وفد کی قیادت وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کی۔ عرب لیگ کی نمائندگی سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے کی۔ چینی صد نے اپنے خطاب میں وعدہ کیا کہ ان کا ملک عرب ممالک کی اقتصادی ترقی کیلئے 20 ارب ڈالر کے قرضے دے گا اور فلسطینیوں کے اقتصادی نظام کی بہتری کیلئے 100 ملین ڈالر کا عطیہ پیش کرے گا۔ چینی صدر نے کہا کہ ان کا ملک عرب امن فارمولے اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر پائیدار تصفیے کیلئے مسئلہ فلسطین پر بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرنے کا عزم رکھتا ہے۔ امیر کویت نے اپنی تقریر میں کہا کہ چین اور عربوں کے درمیان تعاون سے سیاسی مشاورت اور علاقائی اور بین الاقوامی امن و استحکام میں مدد ملے گی ۔ بحرانوں اور مسائل کے حوالے سے یکجہتی پیدا ہوگی۔ 
 

شیئر: