Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان میں قیام امن کیلئے علماءکانفرنس موثر ثابت ہوگی، مولانا فرید الدین مسعود

اسلام میں دہشت گردی کی قطعی گنجائش نہیں، اردو نیوز سے بنگلہ دیش کی اسلامی تنظیم کے سربراہ کی گفتگو
مکہ مکرمہ ( ارسلان ہاشمی ) بنگلہ دیش اسلامی تنظیم کے سربراہ مولانا فرید الدین مسعود کا کہنا ہے کہ افغانستان میں مستقل قیام امن کےلئے او آئی سی کی جانب سے منعقدہ کانفرنس کے مثبت اثرات برآمد ہونگے ۔2 روزہ کانفرنس کے اختتامی اجلاس کے بعد مکہ مکرمہ کے صفا پیلس میں اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فرید الدین نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے عفریت سے ملت کو نجات دلوانے کےلئے علماءو فقہاءکا کردار انتہائی اہم ہے ۔ علماءمعاشرے میں غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں ۔ او آئی سی کی جانب سے علماءکانفرنس کا انعقاد ایک مستحسن اقدام تھا۔ کانفرنس میں جاری ہونے والے اعلامیے کے بعد توقع ہے کہ افغانستان میں اس پرمن و عن عمل کیاجائے گا تاکہ افغا ن عوام دہشتگردی سے نجات حاصل کر سکیں ۔ مولانا فرید کا کہنا تھا کہ انہو ںنے بنگلہ دیش ، پاکستان اور ہندوستان کے علاوہ سعودی عرب اور دیگر ممالک میں مقیم ممتاز علماءکرام سے دہشتگردی کے خلاف مشترکہ فتویٰ حاصل کیاہے ۔ مشترکہ فتویٰ پر دنیا بھر سے ایک لاکھ 15 ہزار علماءنے دستخط کئے جن میں 15 ہزار عالمائیں بھی شامل ہیں ۔ فتویٰ میں اس امر کی تمام علماءنے بھرپور تائید کی ہے کہ اسلام میں دہشتگری کی قطعی گنجائش نہیں ۔ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اس میں تشدد کا دور دور تک بھی وجود نہیں ۔ انہوںنے توقع ظاہر کی کہ طالبان بھی مذاکرات کی اس پیشکش کو قبول کریں اورخلوص نیت سے قیام امن کے لئے کام کرتے ہوئے اغیار کے مذموم مقاصد کو ناکام بنائیں گے ۔ مولانا فرید الدین نے اوآئی سی کے زیر اہتمام منعقدہونے والی 2روزہ کانفرنس کی مثالی اور کامیاب میزبانی پر سعودی حکمران اور اوآئی سی سیکریٹریٹ کا شکریہ ادا کیا۔ 
 

شیئر: