Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات نے سیاحوں کو ویلیو ایڈڈ ٹیکس اور ان کی اولاد کو ویزا فیس سے استثنیٰ دے دیا

ابو ظبی.... متحدہ عرب امارات نے سیاحوں کی 18 برس سے کم عمر والی اولاد کو ویزا فیس سے استثنیٰ دے دیا۔ 18 برس سے کم عمر کے ان بچوں کو جو اپنے والدین کے ہمراہ سیاحت کیلئے امارات پہنچیں گے ان سے ویزا فیس نہیں لی جائے گی۔ ہر سال 15 جولائی سے 15 ستمبر تک آنے والے سیاحوں کی اولاد کو ویزا فیس سے استثنیٰ حاصل رہے گا۔ امارات کی کابینہ نے یہ فیصلہ اپنے یہاں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے کیا ہے۔ امارات ان دنوں عالمی سیاحت کا بڑا مرکز بنا ہوا ہے۔ مختلف ممالک سے سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران امارات آنے والے مسافروں کی تعداد 32.8 ملین پہنچ گئی ہے۔ نئے فیصلے سے سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔ 48 گھنٹے کیلئے ٹرانزٹ پر آنے والے سیاحوں سے بھی فیس نہیں لی جائے گی۔ دوسری جانب اماراتی محکمہ ٹیکس نے سیاحوں کو ویلیو ایڈڈ ٹیکس واپس کرنے کے قاعدے ضابطے جاری کردیئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام کی بدولت بھی امارات میں سیاحت کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ اماراتی کابینہ نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی واپسی سے متعلق شفاف اور دو ٹوک اصول جاری کئے ہیں۔ اس سے صرف غیر مقیم خارجی سیاح ہی فیضیاب ہوسکیں گے۔ امارات نے ایک شرط یہ طے کی ہے کہ غیر ملکی سیاح نے ساما ن اندرون ملک سے خریدا ہو اور سامان درآمد کرنے کی صورت میں اسے درآمد کی تاریخ سے 90 دن کے اندر اندر ملک چھوڑنا ہو اور خریدا ہوا سامان ہمراہ لے جانا چاہتا ہو۔ مبینہ سامان سیاح ہی 3 ماہ کے اندر اندر برآمد کررہا ہو۔ سامان رٹیل تاجر سے خریدا گیا ہو۔ محکمہ ٹیکس نے ویلیوایڈڈ ٹیکس سیاحوں کو واپس کرنے کیلئے تیار کئے جانے والے قوانین و ضوابط گہرے جائزے کے بعد ہی جاری کئے ہیں۔ 
 

شیئر: