Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کے بعد لیگی رہنما بھی شہباز شریف سے نالاں

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی جانب سے پارٹی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر استقبالی ریلی ائرپورٹ تک پہنچانے میں تاخیر اور مبینہ دھوکا دہی سے متعلق شکایات کے بعد پارٹی کے دیگر رہنماﺅں کی جانب سے بھی شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ پارٹی کے سینئر رہنماﺅں خواجہ آصف، احسن اقبال، مشاہد اللہ خان اور پرویز رشید نے نواز شریف کے استقبال کے لیے لاہور ائرپورٹ پر نہ پہنچنے اور زیادہ افراد کو جمع کرنے میں ناکامی پر شہباز شریف سے اپنے شدید تحفطات کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک سینئر لیگی رہنما نے بتایا کہ میاں صاحب کے طیارے نے شام سوا چھ بجے پہنچنا تھا جبکہ جہاز رات نو بجے لینڈ کیا۔ تین گھنٹے کی تاخیر کے باوجود بھی ائرپورٹ اور اس کے قریبی علاقوں میں صرف پانچ، چھ ہزار افراد ہی جمع ہو سکے۔ یہ تعداد لاہور کی کسی ایک یو سی کی تعداد سے بھی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اوران کے صاحبزادے حمزہ کے طرزعمل سے پارٹی کے اندریہ تاثرپیداہوا ہے کہ شہبازشریف اوران کے ساتھیوں نے انتخابات سے قبل پارٹی پراپنی گرفت مضبوط کرنے کے لیے جان بوجھ کرایسا کیا۔ دوسری جانب شہباز شریف کے حامی ایک رہنما نے نام نہ ظاہر کرنے پر شہباز شریف کے ایئرپورٹ نہ جانے کے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ ریلی میں توقع سے کم لوگ شامل ہوئے ،تمام سرکردہ رہنماریلی کی قیادت کررہے تھے جبکہ شرکاکی تعداد چند ہزار تھی، ائرپورٹ پراتنے تھوڑے لوگوں کولے جانا مزید ہزیمت کاباعث بنتاچنانچہ شہباز شریف کافیصلہ دانشمندانہ تھا۔
 
 

شیئر: