Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جونیئر اسکواش چیمپیئن کیلئے پاکستانی ٹیم ہند روانہ

 
کراچی: عالمی جونیئراسکواش چیمپیئن شپ میں شرکت کے لیے پاکستان کی6 رکنی ٹیم ہند روانہ ہوگئی۔میگا جونیئر ایونٹ ہند کے شہر چنئی میں 18سے29جولائی تک کھیلا جائے گا۔ قومی جونیئر اسکواڈ میں عباس زیب، محمد عزیر، حارث قاسم، فرحان ہاشمی ،اسد اللہ خان اور عزیر شوکت شامل ہیں۔ منورزمان منیجرجبکہ فضل شاہ اور محمد یاسین بطور کوچ ٹیم کے ہمراہ روانہ ہوئے ۔ پاکستان ٹیم چیمپیئن شپ کے انفرادی اورٹیم ایونٹ مقابلوں میں شرکت کریگی۔قبل ازیں پاکستان جونیئرٹیم کا ایک ہفتہ تک جاری رہنے والا تربیتی کیمپ پاکستان نیوی جہانگیر خان ، روشن خان اسکواش کمپلیکس پر مکمل ہوا۔ اپنے دور کے عظیم کھلاڑی اور سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے تربیتی کیمپ کی نگرانی کی۔اس موقع پر انھوں نے کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کو بعض اہم ٹپس دیں اورکھیل کے حوالے سے متعدد لیکچرز بھی دیے۔دریں اثنا روانگی سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی جونیئر ٹیم کے منیجر اور سابق عالمی اسکواش چیمپیئن قمر زمان کے صاحبزادے منور زمان نے کہا کہ عالمی جونیئر چیمپیئن شپ کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں نے بھر پور محنت کی ہے، اسلام آباد کے بعد کراچی میں منعقدہ تربیتی کیمپس میں پریکٹس کے دوران کھلاڑیوں کی تیکنیک کو بہتر بنانے کے ساتھ ان کی فزیکل فٹنس میں اضافے پرکافی توجہ دی گئی۔ ہمارے کھلاڑی مکمل طور پر فٹ ہیں اور قوی امید ہے کہ چیمپئن شپ میں بہتر نتائج فراہم کریں گے۔

شیئر: