Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جے سی اے کا اوپن ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اعلان

 
 جاوید احمد راہو۔جدہ
جدہ کرکٹ ایسوسی ایشن (جے سی اے) نے لاہور قلندر کی دعوت پر”اوپن ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام“کا اعلان کر دیا۔ پروگرام کا مقصد لاہور قلندر کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت پاکستانی کھلاڑیوں کو ان کی صلاحیتیں آزمانے کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں پاکستان کی نیشنل ٹیم میں شامل ہو کر ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔ یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں شامل لاہور قلندر ، واحد فرنچائز ہے جو مختلف شہروں میں موجودکرکٹ کلبوں سے رابطے میں رہتی ہے اورمختلف شہروں میں کرکٹ کے مقابلوں کے ذریعے ٹیلنٹ کی تلاش کا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ اب تک دو کرکٹ سیزنز میں پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت ”رائزنگ اسٹارز “کے نام سے 4 لاکھ60 ہزارنوجوانوں کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے۔ اس سال لاہور قلندر نہ صرف پاکستان میں اپنے دائرہ کار کو وسیع کر رہی ہے بلکہ ”پردیسی رائزنگ اسٹارز “سمندر پار پاکستانیوں کیلئے بھی اپنی صلاحیتیں آزمانے کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔ جدہ کرکٹ ایسوسی ایشن نے اپنے طور پر لاہور قلندر کی معاونت کیلئے ”اوپن ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام“ کا اعلان کر دیا۔ جدہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو سیکرٹری احمد عبداللہ بن محفوظ نے مذکورہ پروگرام کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے ہمیں سعودی عرب میں موجود نوجوان، باصلاحیت اور محنتی کھلاڑیوں تک رسائی ملے گی جس سے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کامستقبل مضبوط اور بے مثال بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز کھلاڑیوں کیلئے یہ ایونٹ قومی دھارے میں آنے کا نادر موقع ہے۔ جدہ کرکٹ ایسوسی ایشن کی طرف سے ایونٹ کے میڈیا پارٹنر بننے کی آفر قبول کرتے ہوئے تکبیر ا سپورٹس کے سی ای او منیر احمد شاد کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے فروغ کیلئے جدہ کرکٹ ایسوسی ایشن کی خدمات کی نظیر نہیں ملتی۔ ہم ٹیلنٹ کی تلاش میں جے سی اے کے ساتھ ہیں اور ہر فورم پر مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کیلئے اپنی خدمات پیش کی۔

شیئر: