Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ون ڈے سیریز : پاکستان نے دوسرا ون ڈے بھی جیت لیا

 
بولاوائیو:عثمان شنواری کی عمدہ بولنگ اور فخر زمان کی شاندار سنچری کی مدد سے پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں میزبان زمبابوے کو9 وکٹوں سے شکست دے کر 5میچوں کی سیریز میں0-2کی برتری حاصل کرلی ۔فخر زمان کو فتح گر اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔ زمبابوے کے کپتان ہملٹن مساکیڈزا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلے کیا تاہم عثمان شنواری نے پہلے ون ڈے کی طرح اس میچ میں بھی ابتدا ءہی میں زمبابوے کو 2وکٹوں سے محروم کردیا جس کے نتیجے میں اس کی بیٹنگ لائن متزلزل ہو گئی اور کپتان مساکیڈزا اور پیٹر مور کے سوا کوئی بھی بیٹسمین وکٹ پر زیادہ دیر نہیں ٹھہر سکا۔ماسکیڈزا نے 59اور پیٹرر مور نے 50رنز بنائے۔تریسائی موساکانڈا 24رنز کے ساتھ تیسرے نمایاں بیٹسمین رہے ۔ زمبابوے کی ٹیم 49.2اوورز میں 194رنز پر آوٹ ہو گئی ۔عثمان شنواری نے  36رنز دے کر4وکٹیں جبکہ حسن علی 3کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے ۔ ایک وکٹ شعیب ملک کے حصے میں آئی۔ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور امام الحق نے119رنز کی ابتدائی شراکت قائم کرکے فتح کی بنیاد رکھ دی تھی۔ پاکستان کی پہلی وکٹ رن آوٹ کی صورت میں گری جب امام الحق کو موزرابانی نے رن آوٹ کر دیا ۔ امام الحق نے 51گیندوں پر4چوکوں کی مدد سے44رنزبنائے۔ اس کے بعد بابر اعظم کھیلنے آئے اور دونوں نے 36اوورز میں ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا ۔ فخر زمان نے ون ڈے کرکٹ میں دوسری سنچری بنائی۔ انہوں نے129گیندوں پر16چوکوں کی مددسے117 ناٹ آوٹ رنز بنائے، بابر اعظم 29رنز بناکرناٹ آوٹ رہے ۔ پاکستان نے36اوورز میں ایک وکٹ پر195رنز بنا کر میچ9وکٹوں سے جیت لیا ۔ زمبابوے کے بولرز مکمل طور پر ناکام رہے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے۔ ویلنگٹن مساکیڈزا سب سے مہنگے بولرثابت ہوئے اور ان کے 10اوورز میں61رنز اسکور ہوئے۔
 

شیئر: