Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہاکی گرانٹ: ڈھائی کروڑروپے ہو چکی ہے، اصلاح الدین

کراچی:سابق ہاکی کپتان اور اولمپیئن اصلاح الدین نے کہا ہے کہ جس دن سے میری ہاکی اکیڈمی بنی ہے میں نے اس اکیڈمی سے ایک روپیہ بھی نہیں کمایا۔سندھ کی سابق حکومت نے اولمپئن اصلاح الدین کو ہاکی کے فروغ کیلئے 10 کروڑ سے زائد لاگت کی ہاکی اکیڈمی بناکر دی اور اسے چلانے کیلئے 2014 میں2کروڑ روپے کی گرانٹ بھی جاری کی لیکن نگران حکومت نے ہاکی اکیڈمی پر کروڑوں روپے لگانے کی انکوائری شروع کرتے ہوئے اصلاح الدین سے2 کروڑ روپے کا حساب بھی مانگ لیا۔ اصلاح الدین نے کہا ہے کہ 2014 ءمیں اکیڈمی کو سندھ حکومت سے جو2 کروڑ روپے کی گرانٹ ملی تھی اس میں سے ابھی تک ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا بلکہ وہ گرانٹ2 کروڑ سے بڑھ کر اب ڈھائی کروڑ روپے ہوچکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان باتوں میں کوئی صداقت نہیں کہ2 کروڑ روپے غلط طریقے سے خرچ کردیئے گئے۔ اکیڈمی کے اخراجات اکیڈمی میں قائم دکانوں کے کرایہ سے پورے کئے جاتے ہیں۔ ہماری اکیڈمی میں کھیل کے ساتھ باقاعدہ طور پر ہاکی پڑھائی بھی جاتی ہے اور سینکڑوں بچے کوالیفائیڈ کوچز سے تربیت لیتے ہیں۔اصلاح الدین نے کہا کہ2 کروڑ روپے خرچ کرسکتا تھا لیکن یہ اکیڈمی کے بچوں کی امانت ہے، یہ بات بھی بتانا چاہتا ہوں کہ جس دن سے یہ اکیڈمی بنی ہے میں نے اس اکیڈمی سے ایک روپیہ بھی نہیں کمایا۔سندھ کی نگراں صوبائی حکومت کی جانب سے2 کروڑ گرانٹ کی جواب طلبی کا انہیں ابھی تک کوئی خط موصول نہیں ہوا جبکہ اکیڈمی کا ہرسال آڈٹ ہوتا ہے اورچیک اینڈ بیلنس کا نظام قائم ہے۔

شیئر: