Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فخر پاکستان، مرد مردان ، فخر زمان کی ڈبل سنچری

 
بولاوائیو: زمبابوے کے خلاف چوتھے ون ڈے میں پاکستانی اوپنر فخر زمان نے ڈبل سنچری 210رنز ناٹ آوٹ بنا کر تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے سابق اوپنر سعید انور کا 194رنز کا ریکارڈ توڑ دیا جبکہ امام الحق کی شراکت میں 304رنز کی اوپننگ شراکت داری سے عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔امام الحق نے فخر زمان کا ساتھ دیتے ہوئے خوبصورت اننگز کھیلی اور سنچری اسکور کرتے ہوئے 113رنز بنائے۔امام الحق کے آوٹ ہونے کے بعد آصف علی نے فخر زمان کے ساتھ بیٹنگ کیلئے آئے تو انہوں نے بھی نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 50رنز ناٹ آوٹ بنا لئے۔دونوں نے ملک کرمقررہ 50اوورز میں پاکستان کا اسکور 399رنز بنا کر زمبابوے کو 400رنز کا ہدف دیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں زمبابوے کے خلاف زمبابوے میں 5ون ڈے میچوں کی سیریز کھیل رہی ہے پہلے 3میچ جیت کر پاکستان سیریز پہلے ہی اپنے نام کر چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم زمبابوے کے خلاف چوتھا ون ڈے کھیل رہی ہے جس میں مردان سے تعلق رکھنے والے فخر زمان نے بلے بازی کے انتہائی شاندار ریکارڈ قائم کر دیئے ہیں جبکہ وہ ون ڈے کرکٹ میں 194 رنز کا سعید انور کاریکارڈ توڑتے ہوئے 200 یا اس سے زائد رنز بنانے والے پاکستان کے واحد کھلاڑی بھی بن گئے۔فخرزمان نے 148 گیندوں پر 24 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 210 رنز کی اننگز کھیل کر شاندار ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ ون ڈے کرکٹ میں سب سے پہلے ڈبل سنچری ہندوستانی بلے باز سچن ٹنڈولکر نے 2010ء میں بنائی تھی۔ ون ڈے کرکٹ میں اب تک 7 ڈبل سنچریاں بنی ہیں ۔ روہت شرما دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں جو ایک روزہ کرکٹ میں3 ڈبل سنچریاں ا سکور کرچکے ہیں۔ سچن ٹنڈولکرنے سعید انور کا ریکارڈ توڑ کرون ڈے کرکٹ میںپہلی ڈبل سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا ۔ سعید انور نے 21 مارچ 1997 کو 194 رنز بنا ئے تھے ۔ گزشتہ سال انگلینڈ میں چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں فخر زمان نے ہندوستان کے خلاف سنچری بنا کر پاکستان کیلئے فائنل جیتنے میں اہم کردار اد کیا تھا۔
 

شیئر: