Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کون کتنی نشستیں لے گا،چوہدری نثار نے بتا دیا

اسلام آباد..سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے بعد کسی بھی سیاسی جماعت کو اکثریت نہیں ملے گی۔ تحریک انصاف قومی اسمبلی میں زیادہ نشستیں لے گی تاہم وہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہو گی ۔ آزاد امیداروں کی منڈی لگے گی۔ ملک کو درپیش خطرات اور اقتصادی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ موجودہ درپیش مسائل سے کوئی بھی سیاسی جماعت اکیلے نمٹنے کی پوزیشن میں نہیں ۔ پارلیمنٹ ہاوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیب کے نشان کا کسی ادارے کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ۔ یہ ایک جانا پہچانا نشان ہے جس کی وجہ سے بہت سارے امیدواروں نے لیا تاہم یہ بتا دینا چاہتا ہوں کہ جیپ کا نشان لینے والے بہت سارے امیدواروں کی ضمانت ضبط ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کا مشکل ترین الیکشن ہے۔انتخابات میں کامیابی کے بعد حکومت بنانے والی پارٹی کو مشکل ترین اقتصادی صورتحال کا سامنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد حالات 1970ءسے بھی بدتر ہوںگے۔ کوئی بھی سیاسی جماعت ان حالات پر فوکس نہیں کر رہا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی کی سطح پر انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں لے گی تاہم وہ سادہ اکثریت بھی حاصل نہیں کر پائے گی۔ صوبے کی سطح پر بھی زیادہ سیٹس حاصل نہیں کر پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو قومی اسمبلی میں کم سیٹیں ملیں گی جبکہ پیپلز پارٹی تیسرے نمبر پر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ الیکشن میں کسی سیاسی پارٹی کو واضح مینڈیٹ نہیں ملے گا ۔ اس کے بعد آزاد امیدواروں کے خرید و فروخت کی منڈی لگے گی جو حکومت قائم ہو گی وہ پاکستان کے مسائل حل کرنے کے قابل نہیں ہو گی۔ 
مزید پڑھیں:اعجاز الحق کی حمایت نہیں کی،شیری رحمان

شیئر: