Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شارک نے بحراحمر کے ساحلی مصری شہر میں چیک سیاح کو ہلاک کردیا

مرسی علم، مصر .... شارک نے بحر احمر کے ساحلی مصری شہر " مرسی علم" میں 43 سالہ چیک جمہوریہ کے سیاح کو ہلاک کردیا۔ وہ اپنی بیوی اور دو بیٹوں کے ہمراہ سیرو سیاحت کیلئے مرسی علم پہنچا تھا۔ یہاں سمندری حیاتیات کے شائق سیاح اور غوطہ خور کثیر تعداد میں سیر و سیاحت کیلئے پہنچتے ہیں۔ مرسی علم انواع و اقسام کی شارکوں کیلئے معروف ہے۔ مرسی علم کے چیئرمین میجر جنرل عاطف وجدی نے بتایا کہ یہ واقعہ شہر سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر ہوٹلوں اور سیاحتی مراکز کے علاقے میں پیش آیا۔ جمہوریہ چیک کے صحافیوں نے جائے وقوعہ پہنچ کر اپنے شہری کی بابت تفصیلات دریافت کرکے ذرائع ابلاغ کے حوالے کردیں ۔ نامہ نگاروں نے بتایا کہ شارک نے سیاح کا پاﺅں اور اس کے بازو چبا لئے تھے جبکہ اس کی کمر کا گوشت بھی نوچ لیا تھا۔ ابھی تک دونوں ملکوں میں سے کسی بھی طرف کے ذرائع ابلاغ میں سیاح مذکور کا نام اور اس کی تصویر نہیں دی گئی۔ شارک نے دو ہوٹلوں کے درمیانی سمندر میں سیاح پر حملہ کیا تھا۔ یہ واقعہ جس وقت پیش آیا اس وقت مردہ مچھلیوں اور مذبوحہ مویشیوں کا گوشت بردار ایک جہاز قریب سے گزر رہاتھا۔ ہلاک شدہ سیاح کی بیوی اگلے دن اپنے بیٹوں کو لے کر وطن واپس چلی گئی۔ وہ صدمہ برداشت نہیں کرسکی۔ مصری حکام نے لاش سرد خانے میں محفوظ کرا دی۔ 

شیئر: