پاکستان میں کویت سے بڑے تیل ذخائر دریافت؟

کراچی... نگراں وزیرِ خارجہ عبداللہ حسین ہارون نے کہا ہے کہ پاکستان میں جلد تیل کے ذخائر دریافت ہونے کی امید ہے ۔ پاکستان دنیا میں تیل بر آمد کرنے والے 10 بڑے ملکوں میں شامل ہوجائے گا۔فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے عہدیداروں سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ امریکی کمپنی ایگزون موبل پاک، ایران سرحد کے نزدیک خاصی گہرائی تک کھدائی کرچکی ۔ قوی امید ہے کہ اس جگہ تیل کے وسیع ذخائر موجود ہیں جو مقدار میں کویت کے ذخائر سے بھی بڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر تیل کے یہ ذخائر ہماری توقعات کے مطابق وسیع ہوئے تو پاکستان تیل کی پیداوار میں کویت کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا۔تیل بر آمد کرنے والے بڑے ممالک کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آجائے گا۔ کویت کے پاس دنیا بھر میں تیل کے ذخائر کا 8.4 فیصد حصہ موجود ہے جس کا تخمینہ 101.50 ارب بیرل لگایا گیا ہے۔عبداللہ حسین ہارون نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے ایگزون موبل سے جنریشن کمپلیکس تعمیر کرنے کا معاہدہ بھی کرلیا جس پر 10 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔کمپنی کو پورٹ قاسم پر ایل این جی برتھ تعمیر کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ۔ واضح رہے کہ ایگزون موبل دنیا کی چوتھی بڑی آئل کمپنی ہے جس کا کاروبار کئی ممالک میں پھیلا ہوا ہے۔
مزید پڑھیں:بطور وزیراعظم مثال بنوں گا،عمران خان

شیئر: