Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ایتھک کوڈ سے" کرپشن" کا لفظ ختم

 
  لندن: فیفا نے اپنے ایتھک کوڈ سے لفظ ’کرپشن‘ کا ہی صفایا کردیا۔ ایگزیکٹیوز کی خفیہ میٹنگ میں نئے کوڈ کو حتمی شکل دی گئی۔ مخالفین کو سبق سکھانے کیلئے ایک نیا ’جرم‘ بھی شامل کرلیا۔ فیفا کے نئے کوڈ آف ایتھک گورننگ میں حیران کن طور پر لفظ کرپشن کو شامل ہی نہیں کیا گیا جس نے فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی میں 2015 ءکو بھونچال پیدا کردیا تھا۔ آفیشلزاور پلیئرز جب نئے کوڈ کا جائزہ لیں گے توانھیں اس میں یہ لفظ ملے گا ہی نہیں، اس طرح فیفا نے آفیشل طور پر کرپشن کا ہی ’صفایا‘ کردیا۔ موجودہ صدر گیانی انفانٹیو نے جون میں فیفا ورلڈ کپ کے آغاز کے موقع پر کھیل کو رشوت ستانی اور کرپشن سے پاک کرنے کیلئے سخت اقدامات کا عزم ظاہر کیا تھا مگرہوتا ہوا اس کے برعکس دکھائی دیتا ہے۔رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ فیفا کا صدر بننے کے بعد2برس کے دوران انفانٹینو خود کئی گورننگ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی میں ملوث رہے ہیں بلکہ انھیں جس شخص سے بھی خطرہ محسوس ہوا اس کو سائیڈ لائن کردیا۔ اسی لئے اب ناقدین کے منہ بند کرنے کیلئے ایتھک کوڈ میں ایک نیا جرم بھی شامل کرلیا ہے جوکہ شہرت یا ساکھ کو نقصان پہنچانے سے متعلق ہے۔ اس کی کوئی واضح مثال نہیں دی گئی بلکہ ایتھک کمیٹی کیلئے لچک پیدا کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے خود فیصلہ کرے کہ شواہد دینے کا بوجھ کس پر ہوگا۔ اگر کوئی بھی فیفا یا اس کے حکام کے خلاف عوامی سطح پر کوئی بیان دے گا۔ اس کے خلاف نئے کوڈ کے سیکشن 22.2 کے تحت کارروائی کی جائے گی جس پر فٹبال سے متعلق سرگرمیوں میں حصہ لینے پر2برس کی پابندی عائد ہوسکتی ہے اوراگر پھر یہی جرم دہرایا گیا تو پابندی کی مدت 5 سال تک کردی جائیگی۔ اس قانون سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ فیفا اپنے ناقدین کو خاموش کرانا چاہتی ہے۔ 

شیئر: