Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بین اسٹوکس عدالت سے بری، انگلینڈ اسکواڈ میں شامل

  لندن :انگلینڈ کے مایہ ناز آل راونڈر بین اسٹوکس کو برسٹل کی عدالت نے گراونڈ کے باہر شہری سے جھگڑنے کے مقدمے میں بری ہونے کے بعد ہفتہ کو ہند کیخلاف ٹیسٹ میں انگلینڈ کے اسکواڈ میں شامل کرلیاگیا۔ ادھر بری کرنے کے فیصلے کے بعد استغاثہ پر انگلیاں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ سی سی ٹی وی میں ایلکس ہیلز صاف نظر آرہے ہیں کہ وہ راہگیر کو زدوکوب کررہے ہیں لیکن ان پر فوری کوئی جرم عائد نہیں کی گئی۔ یہ بھی سوال اٹھا کہ آخر کرکٹر کو بری کیوں کیا گیا جبکہ اس نے جو شہادتیں دی ہیں وہ ناکافی تھیں۔ واضح رہے کہ بین اسٹوکس نے گزشتہ سماعت کے دوران کہا تھا کہ انھیں کچھ یاد نہیں ہے تاہم وہ اس وقت غصے میں بالکل نہیں تھے۔انہوںنے کہاکہ ان کے دوست ایلکس ہیلز کی مبینہ طور پر دو شہریوں سے تلخ کلامی ہورہی تھی اور انھوں نے مداخلت کی تھی ۔قبل ازیں ریان اور علی کو اسی مقدمے میں بری کر دیا گیا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ برس 24 ستمبر کو انگلینڈ کی ویسٹ انڈیز کے خلاف مسلسل دوسری کامیابی کے بعد بین اسٹوکس ساتھی کھلاڑی ایلکس ہیلز کے ہمراہ جشن منانے کے دوران تنازع کا شکار ہوگئے تھے ۔ بین اسٹوکس کے ساتھ مبینہ جھگڑے میں 27 سالہ شخص کے چہرے پر شدید چوٹیں آئی تھیں اور انہیں ہسپتال منتقل کرنا پڑا تھا۔ اس واقعہ کے بعد پولیس نے بین اسٹوکس کو گرفتار کر لیا تھا تاہم تفتیش کے بعد بری کردیا گیا تھا لیکن مزید کارروائی کےلئے عینی شاہدین کی تلاش شروع کردی تھی جس کے بعد مقدمہ درج کردیا گیا۔ اس واقعہ میں مبینہ طور پر ایلکس ہیلز بھی بین اسٹوکس کے ہمراہ موجود تھے اور انہوں نے بھی مار پیٹ میں آل راونڈر کا ساتھ دیا۔انگلش کرکٹ بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کےخلاف سیریز کے اگلے ون ڈے میچ سے باہر کردیا تھا۔ اسٹوکس کے کیریئر میں اس واقعے کے برے اثرات پڑے اور انھیں اہم میچوں سے باہر رہنا پڑا اور ہندکے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں بھی ٹیم سے باہر تھے اور تیسرے میچ سے بھی باہر ہوں گے۔

شیئر: