Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کا پہلامرحلہ کامیاب رہا ، 16 لاکھ سے زائد عازمین پہنچ چکے ، ڈائریکٹر جنرل جوازات

 داخلی عازمین کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار سے تجاوز کر گئی ، حج پرمٹ کے بغیر لوگوں کو مکہ مکرمہ لےجانے پر 18 افراد کو گرفتار کیاگیا،5 جعلی پاسپورٹ پر سفر کرنے والوں کا انکشاف ہوا، جنرل سلیمان الیحییٰ کا پریس کانفرنس سے خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ڈائریکٹر جنرل جوازات بریگیڈیئرجنرل سلیمان عبدالعزیز الیحییٰ نے کہا ہے کہ حج سیزن کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا ۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد مملکت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے عازمین حج کو بہترین سہولیتں فراہم کیں۔ ہمارے پیش نظر ضیوف الرحمان کا آرام ہے جس کےلئے کوشاں ہیں ۔ وہ جدہ کے فائیو اسٹا ر ہوٹل میںڈائریکٹر یٹ جنرل جوازات کی جانب سے منعقد ہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ جنرل الیحییٰ نے مزید کہا ہے بیرون مملکت سے اب تک 16 لاکھ 84 ہزار 629 عازمین حج پہنچ چکے ہیں جن میں سے 15لاکھ 84 ہزار 85 فضائی ذریعے سے جبکہ 84 ہزار 381 بری اور 16 ہزار 163 سمندری راستے سے مملکت پہنچے ۔ مملکت کے قوانین کا ذکر کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل جوازات نے کہا کہ حج پرمٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ داخلی عازمین حج کے بارے میں جنرل الیحییٰ کا کہنا تھا کہ اب تک 2 لاکھ33 ہزار 849 داخلی عازمین کو پرمٹ جاری کئے جاچکے ہیں ۔ جوازات کے کاﺅنٹرز پر جدید ترین آلات فراہم کئے گئے ہیں جن کے ذریعے 5 افراد کوجعلی پاسپورٹ پر سفرکرنے کے الزام میں گرفتار کیا جا چکا ہے ۔ 18 افراد کو پرمٹ کے بغیر لوگوں کو مشاعر مقدسہ لے جانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا جن پر قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے ۔ حج پرمٹ کے بغیر لوگوں کو مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ لے جانے والے کو فی سواری 10 ہزار ریال جرمانہ اور 15 دن کی قیدکی سزا ہو گی ۔ دوسری بار خلاف ورزی پر جرمانے کی رقم 25 ہزار ریال جبکہ 2 ماہ کی قید اور تیسری خلا ف ورزی پر فی حاجی 50 ہزار ریا ل اور 6 ماہ قید ہو گی ۔ غیر قانونی طور پر حج کرنےوالوں کو سفر کی سہولت فراہم کرنے والا غیر ملکی ہونے کی صورت میں اسے مملکت سے بے دخل کر دیاجائے گا ۔ حج پرمٹ کے بغیر لوگوںکو مکہ مکرمہ لے جانے والے مقامی افراد کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے جنرل الیحییٰ نے کہا کہ جوازات کی جانب سے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو چیک پوسٹوں میں متعین ہوتی ہیں ۔ خلا ف ورزی کے مرتکب کو کمیٹی میں پیش کیاجاتا ہے جہاں جوازات کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک سسٹم میں اس کے ماضی کی تفصیلات حاصل کی جاتی ہیں اگر اسے گزشتہ برس بھی غیر قانونی طور پر لوگوںکو مکہ مکرمہ لے جانے کی سزا دی گئی تھی تو اس پر دوسری بار خلاف ورزی ریکارڈ کی جائے گی جس کی سزا 25 ہزار ریال جرمانہ اور 2ماہ قید ہو گی۔ ماضی میں 2 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہو ں تو تیسری خلاف ورزی شمار کیجائے گی جس کی سزا 50ہزار ریال فی سواری اور 6 ماہ قید ہو گی جبکہ خلاف ورزی کرنے والے کی گاڑی بھی جسے وہ غیر قانونی افراد کو مکہ مکرمہ لے جانے کےلئے استعمال کرتا ہے ضبط کر لیجائے گی ۔ جنرل الیحییٰ نے مزید کہا کہ امسال ملائیشیا سے آنے والے تمام عازمین کو انکے ملک میں ہی امیگریشن کی سہولت فراہم کی گئی اس پروجیکٹ کو " مکہ روٹ " کا عنوان دیا گیا ہے ۔ گزشتہ برس تجرباتی طور پر ملائیشیاکے چند سو عازمین کو یہ سہولت فراہم کی گئی تھی جس کی کامیابی کے بعد امسال ملائیشیاکے تمام جبکہ انڈونیشیا کی چند ریاستوں کے عازمین کو " مکہ روٹ" کے پروگرام میں شامل کیاگیا ۔ ادارہ جوازات میں ملازم خواتین کارکنو ں کی تعداد بتاتے ہوئے جنرل الیحیی نے کہا کہ اس وقت جدہ ائیر پورٹ پر 107 جبکہ مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ائیر پورٹ پر 58 اور بندرگاہ پر 28 خواتین کارکن خدمات انجام دے رہی ہیں جن کی کارکردگی بہترین ہے ۔ جنرل الیحیی نے مملکت آنے والے عازمین سے کہا کہ وہ مقامی قوانین کا خاص خیال رکھیں ۔ اس امر کو مدنظر رکھیں کہ آپ فریضہ حج ادا کرنے مملکت آئے ہیں ۔فریضہ کی ادائیگی کے بعد مقررہ وقت پر اپنے ملک لوٹ جائیں تاکہ کسی قسم کی مشکل صورتحال سے دوچار نہ ہوں ۔ جوازات کی جانب سے حج کے دوسرے مرحلے کےلئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں جو حجاج کی واپسی کا ہوتا ہے ۔

شیئر: