Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئے وزیر اعظم کا انتخاب آج،عمران اور شہباز مدمقابل

اسلام آباد.. قومی اسمبلی کے ارکان جمعہ کو ملک کے22 ویں وزیراعظم کا انتخاب کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف کے درمیان مقابلہ ہے۔ پیپلزپارٹی اورجماعت اسلامی نے وزیر اعظم کے انتخاب میں غیرجانبداررہنے کا اعلان کردیا ۔جس سے عمران خان کی زیا دہ مارجن سے کامیابی یقینی ہوگئی ۔ پیپلزپارٹی شہباز شریف کو ووٹ دینے کو تیار نہیں۔اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق وزارت عظمیٰ کے لئے عمران خان اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد درست قرار د ئیے گئے۔ وزیراعظم کا انتخاب جمعہ کی سہ پہر خفیہ رائے شماری کی بجائے ایوان کی ڈو یژن کے ذریعے ہوگا۔ہر امیدوار کے لئے قومی اسمبلی ہال میں ایک ایک لابی مختص ہوگی جو رکن جس امیدوار کو ووٹ دینا چاہے گا اس لابی میں چلا جائے گا ۔ اراکین کی گنتی کے بعد اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار ملک کا نیا وزیراعظم ہوگا۔قومی اسمبلی میں ابھی تک330ارکان نے حلف اٹھایا ہے۔ وزیر اعظم منتخب ہونے کیلئے 166ووٹ درکار ہوں گے۔قومی اسمبلی کے قواعد کے مطابق 342 کے ایوان میں وزیراعظم کے انتخاب کے لئے کسی بھی امیدوار کو سادہ اکثریت یعنی 172 ووٹ لینا ہوتے ہیں۔موجودہ پارٹی پوزیشن کے مطابق تحریک انصاف152 ،مسلم لیگ (ن) 81 ،پیپلز پارٹی 54 ، متحدہ مجلس عمل 15 ، ایم کیو ایم 7 ، بلوچستان عوامی پارٹی 5، بی این پی مینگل 4، مسلم لیگ ق 3، جی ڈی اے 3، عوامی مسلم لیگ، جمہوری وطن پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کی ایک ایک نشست ہے جبکہ 4 آزاد امیدوار ہیں۔ 
مزید پڑھیں:عمران خان اور شہباز شریف کے کاغذات منظور

شیئر: