Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کا آغاز ہوگیا

اتوار 19 اگست 2018ءکو سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ” البلاد“ کا اداریہ
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی راست نگرانی میں حجاج کرام نے آج مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز کردیا۔ لاکھوں عازمین مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچ گئے۔ سعودی عرب کے سرکاری اداروں نے جامع اسکیموں کے تحت عازمین کو آرام و راحت کے تمام وسائل مہیا کردیئے۔ ہر شعبے نے افرادی قوت اور مادی وسائل حج خدمات فراہم کرنے کیلئے وقف کردیئے۔ ہر ادارے کی خواہش اور کوشش ہے کہ ضیوف الرحمان سکون و اطمینا ن کے ماحول میں سہولت اور آسانی سے حج شعائر ادا کریں۔
سعودی عرب سال بھر حج اسکیمیں ، منصوبے تیار کرتا رہتا ہے۔ ان دنوں ہر ادارہ ہنگامی صورتحال کا اعلان کئے ہوئے ہے۔ حجاج کے قافلو ںکو منیٰ وہاں سے عرفات پھر مزدلفہ اور مزدلفہ سے منیٰ واپس پہنچانے کے انتظامات نکتہ عروج کو پہنچے ہوئے ہیں۔ امن و امان کے انتظامات امتیازی وصف اختیار کئے ہوئے ہیں۔ حجاج کرام کل صبح عرفات پہنچیں گے۔ وہاں وقوف کرکے مغرب بعد مزدلفہ کا رخ کریں گے۔ وہاں رات گزار کر منیٰ واپس آکر جمرہ عقبہ کی رمی، سر منڈوانے یا ترشوانے اور قربانی کا اہتمام کیا جائیگا۔ ہزاروں حاجی طواف افاضہ کیلئے مکہ مکرمہ بھی جائیں گے۔
حج کے یہ ایمان افروز مناظر اپنی مثال آپ ہیں۔ زمان و مکان کی پابندی کیساتھ غیر معمولی تعداد میں حجاج کا ایک مقام حج سے دوسرے مقام حج جانا اور اس آمد ورفت کو پرسکون اور محفوظ بنانا بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ تمام سرکاری و نجی ادارے اس چیلنج کو ایثار ، قربانی کے جذبے سے انجام دیتے ہیں۔ ہر ایک کے پیش نظر یہ اعزاز رہتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے یہ ذمہ داری انہی کو سونپی ہے لہذا انہیں اسکا حق ادا کرنا ہے۔ 
٭٭٭٭٭٭٭٭
 
 

شیئر:

متعلقہ خبریں