Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان حج والنٹیئرز گروپ کی جانب سے حج آپریشن کےلئے تیاریاں مکمل

جدہ.... پاکستان حج والنٹئیرز گروپ سعودی عرب نے حج آپریشن 1439 ھ کے دوران حجاج کی خدمت اور رہنمائی کے لئے تمام تر انتظامات کو آخری شکل دے دی۔مملکت کے مختلف شہروں جن میں جدہ، ریاض، مکہ المکرمہ، مدینہ المنورہ، دمام، جبیل، جیزان، تبوک، ابہا، ینبع، الخبر، طائف کے علاوہ دیگر شہربھی شامل ہیں میں مقیم پاکستانی ضیو ف الرحمان کی خدمت کے لئے رضاکارانہ طور پر شریک ہوئے ہیں ۔ 2 ہزار رضاکار کل 9 ذی الحج کو مشاعرِ مقدسہ پہنچ جائیں گے۔رضاکاروں کی کل 107 ٹیمیں بنائی گئیں ۔ ہر ٹیم میں 15 سے زائد رضاکار شامل ہیں۔جدہ سے سب سے زیادہ 57 ، ریاض سے 24 ٹیمیں اس آپریشن میں حصہ لیں گی جبکہ بقیہ ٹیموں کا تعلق دوسرے چھوٹے شہروں سے ہے۔منیٰ کو 42 مختلف سیکٹروں میں تقسیم کرکے 42 ایریا انچارج مقرر کئے گئے ہیں جو اپنے اپنے علاقے میں رضاکاروں کی تقرری کے ساتھ ساتھ انکی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیں گے ۔تمام رضاکاروں کا قیام پاکستان حج مشن کی جانب سے العزیزیہ ، مکہ مکرمہ کے علاقے میں فراہم کردہ عمارت نمبر 416 اور 417 میں ہوگا جو شارع طریق الحرم اور عبداللہ بن دہیش کے سنگم پر واقع ہیں۔. رضاکاروں کی رہنمائی اور مدد کے لئے ایک مرکزی کمانڈ اینڈ کنڑول سنٹر قائم کیا گیا ہے، جس میں رضاکاروں سے ہمہ وقت رابطے کے لئے کال سنٹر 24 گھنٹے کام کرے گا۔گمشدہ اور لاپتہ حجاج کے لئے "لوسٹ اینڈ فاو¿نڈ سنٹر" بھی بنایا گیا ہے۔رضاکاروں اور بلڈنگ میں آنے والے حجاج کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے لئے ماہر ڈاکٹروں کی زیرِ نگرانی فرسٹ ایڈ سنٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔مکہ مکرمہ سے تعلق رکھنے والے رضاکاروں کی ایک ٹیم پہلے ہی منیٰ میں موجود ہے جو حجاج کی رہنمائی کا فریضہ سر انجام دے رہی ہے ۔ پی ایچ وی جی کے کوآرڈینیٹر ضیاءعبد الحفیظ نے اپنے ایک پیغام میں تمام رضاکاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ خالصتاً اللہ کی خوشنودی اور رضا کے حصول کے لئے بھر پور انداز میں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ رضاکار اپنی ذات کی نفی کرتے ہوئے نہ صرف پاکستانی بلکہ دنیا بھر سے آئے ہوئے اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے ذریعے پاکستانی پرچم کی سربلندی کے لئے انتھک محنت اور کوشش کرینگے۔
 

شیئر: