Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امسال بیرون مملکت سے آنے والے حجاج کی تعداد 17لاکھ 58 ہزارہے ، شہزادہ خالد الفیصل

منیٰ .... گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے کہا ہے کہ دنیا بھر سے آنے والے فرزندان اسلام کو ارض حرمین میں خوش آمدیدکہتا ہوں ۔ حج انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد گورنر مکہ مکرمہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کا پیغام امن کا پیغام ہے ۔دعاگو ہیں کہ دنیا میں مستقل بنیادوں پر امن و امان قائم ہو اور رب کریم ہمیں نفس اور دشمنوں کے شر سے محفوظ رکھے ۔ گورنر مکہ مکرمہ اور حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ خالد الفیصل نے مزید کہا کہ قوانین کے مطابق پرمٹ کے بغیر حج کرنا خلاف ورزی شمار ہوتی ہے اس ضمن میں ذرائع ابلاغ کے توسط سے بارہا اس بات کا اعلان کیاجاچکا تھا کہ پرمٹ کے بغیر حج کی ادائیگی کےلئے نہ جائیں ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فرضی حج خدمات فراہم کرنے والے 160 اداروںکے خلاف کارروائی کی جبکہ حج وعمرہ قوانین کی خلاف ورزی پر 5 لاکھ 45ہزار افراد کو حراست میں لیا گیا ۔ 2 لاکھ 31 ہزار 911 گاڑیوں کو جو پرمٹ کے بغیر مکہ مکرمہ لائی جارہی تھیں مختلف چیک پوسٹوں سے لوٹایا گیا ۔ امسال حجاج کی تعداد کے حوالے سے گورنر خالد الفیصل نے کہا کہ بیرون مملکت سے آنے والے حجاج کی تعداد 17 لاکھ58ہزار 722 رہی جبکہ 2 لاکھ 40 ہزار 747 داخلی حجاج ہیں ۔ مشاعر مقدسہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے گورنر مکہ مکرمہ ریجن کا کہنا تھا کہ مکہ ترقیاتی کمیٹی کے تحت مشاعر مقدسہ میں 10 مختلف منصوبوں پرکام کیا گیا جن میں پیدل چلنے والوں کےلئے راستوں کو چوڑا کرنے کے علاوہ بعض مقامات پر سائبانوں کی تنصیب بھی شامل ہے ۔ گزرگاہوں کو عام شاہراہوں سے جدا بھی کیا گیا تاکہ پیدل چلنے والے حجاج کرام کو کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے اور وہ اپنا سفر آرام سے مکمل کریں ۔ مشاعر میٹروسروس کے ذریعے امسال3لاکھ 50ہزار حجاج کرام کو منیٰ سے عرفات ، مزدلفہ اور منیٰ منتقل کیاجائے گا جبکہ 18لاکھ حجاج کےلئے 18ہزار بسوں کا خصوصی بندوبست کیاگیاہے ۔ وزارت صحت کی جانب سے مشاعر مقدسہ میں 135 طبی مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ 106 طبی یونٹس وہاںذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔ مدینہ منورہ میں زیر علاج 23مریضوں کو خصوصی ایمبولنسوں کے قافلے کے ذریعے مشاعر مقدسہ پہنچایا گیا ۔ گورنر مکہ مکرمہ نے مشاعر مقدسہ کا تفصیلی جائزہ لیا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔ 
 
 

شیئر: