Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرامن حج کیلئے

سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”عکاظ“ کا اداریہ
لاکھوں ضیوف الرحمن کو پرامن ماحول فراہم کرنے ، حج کے مناسک کی ادائیگی کو آسان و سہل بنانے ، حج کے سارے کام اطمینان و سکون سے انجام دینے کو یقینی بنانے کیلئے سعودی حکومت نے انتظامات اور اقدامات کا سلسلہ تیز سے تیز تر کردیا۔ سعودی حکومت نے اربوں ریال خرچ کرکے حجاج کی خاطر مشاعر مقدسہ میں مناسب رہائش فراہم کرنے کیلئے دیو ہیکل منصوبے نافذ کردیئے۔ علاوہ ازیں آرام دہ ٹرانسپورٹ کے وسائل کا بھی بھرپور اہتمام کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کے سرکاری اداروں کے شانہ بشانہ نجی حج ادارے بھی ضیوف الرحمن کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ مملکت کے بیشتر سرکاری ادارے کسی نہ کسی شکل میں حجاج کی خدمت کی بجا آوری کو اپنا فریضہ قرار دیئے ہوئے ہیں۔ مثال کے طور پر حجاج کو غذا کی فراہمی ، صحت بخش غذا کی نگرانی، پانی اور بجلی کی ترسیل نیز بیمار ضیوف الرحمن کو علاج معالجہ کی سہولت مہیا کرنے کیلئے دسیوں اسپتال، ہیلتھ سینٹرز اور ان میں کام کرنے کیلئے مطلوبہ تعداد میں ڈاکٹروں اور نرسوں کی فراہمی بڑے پیمانے پر کی گئی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہر حج موسم میں سب سے بڑا مسئلہ حجاج کے غیر معمولی اجتماع کو منظم کرنا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متبادل اسکیمیں بھی انتظام کا اٹوٹ حصہ ہوتی ہیں۔ انکا دائرہ امن و امان کی محدود ااسکیموں تک محدود نہیں بلکہ سعودی عرب اس حوالے سے بھاری رقم خرچ کرکے ریسرچ بھی کراتا ہے۔ یہ امر یقینی ہے کہ سعودی عرب کے سیکیورٹی ادارے سیکیورٹی اہلکار ضیوف الرحمن کو مشکلات میں پڑنے سے بچانے اور امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کیلئے انمول جدوجہد صرف کررہے ہیں۔ یہ وہ قربانیاں ہیں جنہیں دولت کے ترازو سے نہیں تولا جاسکتا۔ سعودی عرب مقدس اسلامی مقامات کی نگہداشت، حجاج، معتمرین اور مسجد نبوی شریف کے زائرین کی خدمت کے لئے فیاضانہ بجٹ مختص کرنے میں ادنی فروگزاشت سے کام نہیں لیتا۔ ضیوف الرحمن کی خدمت ایسا اعزاز ہے جس کا انتخاب اللہ تعالیٰ کی طرف سے کیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے گھر اور اپنے نبی کی مسجد کیلئے ارض طائرہ کا انتخاب جس بنیاد پر کیا ہوگا وہ وہی جانتا ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭
 
 

شیئر: