Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشین گیمز: ہاکی ٹیم کی شاندار انٹری 10گول سے پہلی فتح

 
جکارتہ: اٹھارہویں ایشین گیمز کے ہاکی ٹورنامنٹ میں ریکارڈ آٹھ مرتبہ کی چیمپیئن پاکستانی ٹیم نے تھائی لینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد0-10 گول کے واضح فرق سے ہرا کر فاتحانہ آغاز کیا۔ عتیق ارشد نے شاندار ہیٹ ٹرک کر کے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ توثیق ارشد، محمد عرفان اور ابو بکر نے 2،2 اور مبشر علی نے ایک گول کر کے ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا۔ انڈونیشیا میں جاری میگا گیمز میں ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گیا، گروپ بی کے پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف تھائی لینڈ کو با آسانی ہرا کر ایونٹ میں جاندار انٹری کی، میچ کے 15ویں منٹ میں پاکستان کے توثیق ارشد نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، 22ویں منٹ میں عرفان نے گول کر کے ٹیم کی برتری دوگنی کر دی، ایک منٹ بعد ہی پاکستان کے عتیق نے گول کر کے مقابلہ0-3 کر دیا اور گرین شرٹس کی یہ برتری پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی، دوسرے ہاف کے پہلے ہی منٹ میں عرفان نے دوسرا گول کر کے ٹیم کا سکور 4-0 گولز کر دیا اور تھائی لینڈ پر دباﺅ مزید بڑھ گیا۔33 ویں منٹ میں مبشر علی نے گول کر کے مقابلہ 0-5 گول کر دیا۔ 39ویں منٹ میں عتیق نے دوسرا گول کر کے مقابلہ 0-6 گول کر دیا۔ 42ویں منٹ میں پاکستان کے ابوبکر نے گول کر کے ٹیم کا ا سکور0-7 گول کر دیا، ایک منٹ بعد ہی عتیق نے شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کر کے مقابلہ0-8 گول کر دیا۔ 49ویں منٹ میں پاکستان کے ابو بکر اور 50ویں منٹ میں ارشد نے گول کر کے مقابلہ 0-10 گول کر دیا۔ حریف ٹیم نے گول کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم پاکستان کے مضبوط دفاع نے اسے کامیاب نہ ہونے دیا، اس طرح گرین شرٹس نے تھائی لینڈ کو 0-10 گولز سے ہرا کر فاتحانہ آغاز کیا۔

شیئر: