Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیسٹ سیریز: انگلینڈ کی ساوتھمپٹن ٹیسٹ جیت کرناقابل شکست برتری

 
ساوتھمپٹن: انگلینڈ نے آل راونڈ معین علی کی شاندار اور تباہ کن بولنگ کے نتیجے میں ہند کو چوتھے ٹیسٹ میں60 رنز سے شکست دیدی۔ انگلینڈ کو5 ٹیسٹ کی سیریز میں1-3کی ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی۔ میچ کا فیصلہ چوتھے ہی دن ہوگیا جب ہندوستانی ٹیم فتح کیلئے 245 رنز کے تعاقب میںجلد بازی کا شکار ہو کر 184 رنزپر پویلین لوٹ گئی۔ انگلش بولرز نے شاندرا بولنگ کا مظاہرہ کیا خاص طور پر معین علی کی بولنگ کے سامنے ہندوستانی بیٹسمین بے بس نظر آئے۔ معین علی نے پہلی اننگز میں 5 اور دوسری اننگز میں 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کرتے ہوئے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرلیا۔ ہندوستان کی دوسری اننگز کا آغاز تباہ کن رہا جب صرف 22 کے مجموعی اسکور پر اس کی 3 وکٹیں گر گئیں۔ شیکھر دھون 17 ، لوکیش راہل صفر اور پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے چتیشوار پجارا صرف 5 رنز بناسکے۔ اس موقع پر کپتان ویرات کوہلی اور اجنکیا رہانے نے پانچویں وکٹ کی شراکت میںوکٹ پر ٹھہرنے کی کوشش کی اور 101 رنز بناکر فتح کی امید قائم کردی لیکن اس جوڑی کے آوٹ ہوتے ہی بقیہ بیٹسمین یکے بعد دیگرے آوٹ ہوتے چلے گئے۔ رہانے اور کوہلی نے نصف سنچریاں بنا تے ہوئے بالترتیب 58 اور 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ ہردیک پانڈیا صفر، وکٹ کیپر ریشابھ پنتھ 18، روی چندرن ایشون 25 ، ایشانت شرما صفر اور محمد شامی 8 رنز بناسکے۔ جسپریت بمرا بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آوٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے معین علی سب سے کامیاب بولر رہے۔ انہوں نے دوسری اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جیمز اینڈرسن اور بین اسٹوکس نے 2 ، 2 جبکہ اسٹورٹ براڈ اور سام کیورن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ قبل ازیں انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز گزشتہ روز کے اسکور 260 رنز 8 کھلاڑی آوٹ پر دوبارہ شروع کی اور 11 رنز کے اضافے کے ساتھ 271 رنز پر پوری ٹیم آوٹ ہوگئی۔ سام کیورن 46 رنز پر رن آوٹ ہوئے۔ ہند کو میچ جیتنے کیلئے 245 رنز کا ہدف ملا۔ ہند کی جانب سے محمد شامی سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔ انہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ 2وکٹیں ایشانت شرما اور ایک، ایک وکٹ ایشون اور بمرا کے حصے میں آئی۔ سیریز کا پانچویں اور آخری ٹیسٹ اوول، لندن میں 7 ستمبر سے کھیلا جائے گا۔ 
 

شیئر: