Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی کرکٹرز کے ڈیم فنڈکیلئے 32 لاکھ

 
لاہور: کسی بھی ملک اور کسی بھی کھیل سے منسلک افراد نہ صرف کھیل بلکہ فلاحی کاموں سے بھی اپنے ملک کا نام روشن کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ پاکستان میں ڈیم تعمیر کرنے کیلئے چندہ مہم شروع ہوئی تو حکومت نے ہر مکتبہ فکر سے تعاون اور چندے کی اپیل کی۔ اوورسیز پاکستانیوں سے ڈالرز میں چندہ دینے کا کہا گیا ۔ اس مہم کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھی ڈیم فنڈ کیلئے 32 لاکھ روپے دینے کا اعلان کر دیا۔ایشیا کپ کیلئے منتخب 16رکنی ٹیم کے ہر کھلاڑی سے 2،2لاکھ روپے لئے جائیں گے۔ ایشیا کپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کپتان سرفراز نے اس ایونٹ کو آئندہ سال ورلڈ کپ کی تیاری قرار دیا ہے۔قومی ٹیم کیلئے ہند کے علاوہ کوئی ٹیم مضبوط حریف نہیں ہے۔ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کو کھیل کے ساتھ روایتی حریف کے مقابلے میں جذبے کی بھی ضرورت ہوتی ہے جس کا مظاہرہ گزشتہ سال لندن میں کھیلی گئی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں دیکھنے میں آیا تھا۔ ایشیا کپ کی تیاری کیلئے کرکٹ کیمپ ختم ہو چکا ہے اور ٹیم بھرپور عزم کے ساتھ سرفراز احمد کی قیادت میں قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی آج رات علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی روانہ ہوں گے۔ایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم سرفراز احمد، فخر زمان، بابراعظم، آصف علی، امام الحق، شعیب ملک، شان مسعود، حارث سہیل، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، شاداب خان، محمد نواز، جنید خان، عثمان شنواری اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں 15ستمبر سے ایونٹ کا آغاز ہو گا۔ روایتی حریف 19ستمبر کو میدان میں اتریں گے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے واٹس ایپ اسپورٹس گروپ جوائن کریں
 

شیئر: