Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ نے ٹیسٹ سیریز جیت لی، ہند کو1-4سے شکست

 
لندن: ٹیسٹ سیریز کا پانچواں اور آخری میچ انگلینڈ نے 118رنز سے جیت لیا۔ اوول کے مقام پر کھیلا جا رہا یہ میچ تاریخی ثابت ہوا ۔ ایلسٹر کک کا آخری انٹرنیشنل میچ ہونے کے ساتھ ساتھ جیمز اینڈرسن نے ہند کے آخری کھلاڑی محمد شامی کو کلین بولڈ کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 564وکٹیں حاصل کر کے آسٹریلیا کے گلین میگراتھ کا 563وکٹوں کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ایلسٹر کک کو آخری ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔انگلینڈ کے سام کوران اور ہند کے کپتان ویرات کوہلی کو سیریز میں مجموعی طور پر بہتر کارکردگی پر مشترکہ طور پر مین آف دی سیریز کا اعزاز دیا گیا۔انگلینڈ نے 5ٹیسٹ کی سیریز میں ہند کو1-4سے شکست دے دی۔ قبل ازیں انگلینڈ نے اوپنر ایلسٹر کک کی خوبصورت سنچری 147رنزکی بدولت ہند کو جیت کیلئے 464 رنز کا بڑا ہدف دیا ہے۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 332 رنز بنائے تھے ،دوسری اننگز میں 423 رنز 8 وکٹوں پر ڈیکلیئر کر دی جس میںاپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے ایلسٹر کک کی بہترین سنچری اننگز کے ساتھ کپتان جوئے روٹ کی سنچری 125رنز بھی شامل تھے۔ہند کی ٹیم پہلی اننگز میں 292 رنز بنا سکی تھی۔آخری میچ بچانے کیلئے ہندکو ایک بڑے ہدف کا سامنارہا ۔ دوسری اننگز میں ہند کے اوپنر شیکھر دھون ایک رنز اور کپتان ویرات کوہلی ،پجارا اور ہنوماویہاڑی تینوں کھلاڑیوں کے صفر پر آوٹ ہوجانے کے بعد مزید مشکلات کا سامنا رہا مگر چھٹی وکٹ کی شراکت میں نوجوان اوپنر لوکیش راہول نے وکٹ کیپر بیٹسمین ریشاب پنت کے ساتھ وکٹ پر کھڑے رہ کر 204رنز کی شراکت قائم کی۔ لوکیش راہول کو 149رنز پر عادل راشد نے کلین بولڈ کر کے شراکت توڑی تو انگلینڈ کی ٹیم جیت کے ٹریک پر واپس آگئی۔ اس وقت اسکور 325رنز ہو چکا تھا اس کے فوراً بعدعادل راشد نے معین علی کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرکے ہند ٹیم کو شکست کا راستہ دکھا دیا۔ہند کی جانب سے آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی محمد شامی تھے جو کوئی رن بنائے بغیر جیمز اینڈرسن کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے ۔جیمز اینڈرسن نے 3 جبکہ سام کوران اور عادل راشد نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔اسٹوک ، براڈ اور معین علی ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے واٹس ایپ اسپورٹس گروپ جوائن کریں

شیئر: