Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

#بیگم_کلثوم_نواز

سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ اور پاکستانی سیاست خصوصاً ڈکٹیٹرشپ کے خلاف جدوجہد میں نمایاں مقام رکھنے والی سیاست دان بیگم کلثوم نواز لندن میں وفات پا گئی ہیں۔ کلثوم نواز 1950 کو لاہور میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے جامعہ پنجاب سے اردو میں ماسٹرز کیا اور پھر فلسفے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ 1971 میں ان کی شادی نوازشریف سے ہوئی ۔ کلثوم نواز نے ڈکٹیٹرشپ کے خلاف طویل جدوجہد کی۔ اگست 2017 میں انہیں کینسر کے علاج کی غرض سے لندن میں جایا گیا جہاں سے وہ کیموتھراپی اور ریڈیو تھراپی کے عمل سے گزریں۔ جون 2018 میں انہیں دل کا دورہ پڑا جس کے بعد ان کی حالت سنبھل نہ سکی اور 11 ستمبر کو وہ اڑسٹھ سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ ان کی وفات پر پاکستانی سیاسی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور انکی سیاسی جدوجہد کو سراہا۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کیا : مجھے بیگم کلثوم نواز کی وفات کا سن کر بہت افسوس ہوا۔وہ ایک حوصلہ مند اور بہادر خاتون تھیں جنہوں نے ثابت قدمی کے ساتھ بیماری کا مقابلہ کیا۔ میری تمام دعائیں اور ہمدردیاں شریف خاندان کے ساتھ ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے لکھا : ‏بیگم کلثوم نواز صاحبہ کی وفات کا سن کر انتہائی افسوس ہوا۔انا للہ و انا الیہ راجعون۔اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے، اور جوار رحمت میں جگہ سے نوازے۔ میاں نواز شریف سمیت تمام لواحقین سے دلی اظہار تعزیت، اللہ انھیں صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
حجت خان نے ٹویٹ کیا : اللہ تعالی مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور پسماندہ گان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین۔
زاہد گشکوری نے لکھا ‏: شریف خاندان کیلیے آج مشکل ترین دن ہے-کوئی نہیں جانتا کہ مرحومہ کلثوم نواز کا جسد خاکی کون لائےگا؟ماں کی تدفین کیلیے حسن اور حسین پاکستان آئیںگے؟نوازشریف اور مریم کو جیل سے رہائی ملےگی؟ اسمہ نواز اور داماد علی ڈارپاکستان آئیں گے؟اگر نہیں تو پھرکیا شہبازشریف سب کریں گے؟
سیدہ شہلا رضا نے ٹویٹ کیا: مجھے بیگم کلثوم نواز کی وفات کا سن کر دلی صدمہ ہوا۔ میں انکے خاندان سے تعزیت کرتی ہوں۔
رابی پیرزادہ نے کہا‏ : اللہ تعالی کلثوم نواز کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے ۔ آمین
عمر چیمہ نے ٹویٹ کیا : ‏کلثوم نواز جب وینٹیلیٹر پر تھیں تو نواز شریف کے مخالفین نے مذاق اڑایا بیماری کو ڈرامہ قرار دیا اللہ کرے کسی کو ایسے کم ظرف دشمنوں سے واسطہ نہ پڑے۔
فرید رزاقی نے کہا : ‏محترمہ کلثوم نواز کی رحلت پر اہلِ خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور دعاگو ہیں اللہ رب العزت مرحومہ کی مغفرت فرمائے۔آمین
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ٹویٹ کیا‏ : جمہوریت کے لیے کلثوم نواز کی لازوال قربانیوں کوکبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت تمام ایم کیوایم پاکستان شریف خاندان کےغم میں برابرکی شریک ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت فرمائے، انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔(آمین)
سینیٹر فرحت اللہ بابر نے لکھا : ‏بہت دکھ ہوا محترمہ بیگم کلثوم نواز کی موت کا سن کر دعا ہے کہ الله پاک ان کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے.
 

شیئر:

متعلقہ خبریں