Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الشرقیہ میں 4قسم کی دکانوں پر چھاپے، سعودائزیشن کی 56خلاف ورزیاں ریکارڈ

     دمام-  - - - - وزارت محنت و سماجی بہبود کے انسپکٹرز نے سیکیورٹی فورس کے اہلکاروںکے تعاون و اشتراک سے جمعرات کو الشرقیہ کے بازاروں میں 4قسم کی تجارتی دکانو ںپر سامان فروشوں کی سعودائزیشن کے نفاذ کی حقیقت جاننے کیلئے جگہ جگہ چھاپے مارے۔ الخبر میں 56خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئیں۔ 4دکانداروں کو انتباہ کر کے کہا گیا کہ وہ پہلی فرصت میں اپنے یہاں 70فیصد سامان فروش سعودی تعینات کریں۔ وزارت محنت کے اہلکاروں نے کاروں ، موٹرسائیکلوں، بچوں اور بڑوں کے ملبوسات، مردانہ خوشبویات، گھریلو ودفتری فرنیچر اور باورچی خانے کا سامان فروخت کرنے والوں کی شناختی دستاویزات چیک کیں۔ الشرقیہ میں مکتب العمل کے مدیر منصور آل بن علی نے واضح کیا کہ 136دکانوں کی تلاشی لی گئی۔ آئندہ بھی الشرقیہ کی مارکیٹوں میں تفتیشی مہم جاری رکھی جائے گی۔ اب تک 64تفتیشی آپریشن کئے جا چکے ہیں۔ 4758چھاپے مارے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 1669خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئی ہیں۔ وزارت محنت نے 4قسم کی تجارتی دکانوں پر سامان فروش 70فیصد تک سعودی تعینات کرنے کی پابندی لگائی تھی جس پر عملدرآمد یکم محرم 1440ھ سے شروع کر دیا گیا۔ وزارت اس امر کا تہیہ کر چکی ہے کہ مملکت بھر میں مذکورہ دکانوں پر 70فیصد سامان فروش سعودی ہوں گے۔ اس حوالے سے سعودائزیشن کی خلاف ورزی پر مقررہ سخت سزائیں دی جائیں گی۔
مزید پڑھیں:- - - - -بحیرہ روم میں مصری پاکستانی بحریہ کی فوجی مشقیں

شیئر: