Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی بچوں کے شانہ بشانہ خلیجی اور بیرونی دنیا کے بچوں نے بھی مملکت کا یوم وطنی منایا

ریاض.... سعودی عرب کا 88واں یوم وطنی خواتین و حضرات کے ساتھ سعودی اور مقیم غیر ملکیوں کے بچے بھی بڑھ چڑھ کر منا رہے ہیں۔ خلیجی ممالک اور بیرونی دنیا کے بچوں نے بھی اس بار مملکت کا یوم وطنی جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں یوم وطنی کا جشن گزشتہ ہفتے ہی سے منایا جانے لگا تھا ۔ اسکا سلسلہ آئندہ ہفتے بھی جاری رہیگا۔ مملکت میں انٹرنیشنل اسکولز کی بچیاں اور بچے بھی منگل اور بدھ کو یوم وطنی پر اسپیشل پروگرام کرینگے۔ ان میں پاکستانی، ہندوستانی اور بنگلہ دیشی اسکولز سرفہرست ہونگے۔ تیاریاں زور و شور سے چل رہی ہےں۔ ریاض کے التربیہ النموذیہ اسکولوں کے طلباءاتوار کو یوم وطنی کا جشن مناتے ہوئے ریاض پولیس اسٹیشن پہنچ گئے۔ انہوں نے سپاہیوں کو مسکراتے ہوئے گلدستے پیش کئے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ آپ لوگ جو ہماری سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں ہم لوگ اس پر آپ کو خراج شکر و منزلت پیش کرتے ہیں۔ ریاض پولیس کے ڈائریکٹر میجر جنرل فہد المطیری نے یوم وطنی کی مبارکباد دینے کیلئے آنے والے بچوں کو تحائف دیکر نہال کردیا۔ ابوظبی کے متعدد اسکولوں کے بچوں نے اتوار کو 88واں یوم وطنی انتہائی جوش و خروش سے منایا۔ اس موقع پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے منفرد تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزائم بھی ظاہر کئے گئے۔ برازیل کے معروف کھلاڑی ایلٹن ہوزے نے سعودی عرب کا قومی ترانہ گاتے ہوئے اپنے بچے کی و ڈیو کلپ جاری کرکے سعودی عوام کو حیرت زدہ کردیا۔ دیکھنے والوں کا کہناہے کہ برازیلی کھلاڑی کے بچے نے سعودی قومی ترانہ خالص عربی لب و لہجے میں ایک عرب بچے کی طرح اس انداز سے پیش کیا کہ ہر ایک عش عش کر اٹھا۔

شیئر: