Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکی زبانیں سیکھنا کیوں ضروری؟

ڈاکٹر صالح بکر الطیار۔ الجزیرہ
مقامی جریدے کی ایک کالم نگار نے گزشتہ ہفتے اپنے کالم کا عنوان یہ دیا کہ ” فرانسیسی زبان سیکھنے کا کیا فائدہ“©۔ کالم نگار خاتون نے دلائل وشواہد کی بنیاد پر یہ نتیجہ پیش کیا کہ فرانس اب طاقتور ملک نہیں رہا۔ سائنس ٹیکنالوجی اور ثقافت کی دنیا میں اسکی حیثیت انحطاط کا شکار ہوچکی ہے۔ نہ جانے کیوں نجی اور بین الاقوامی اسکول فرانسیسی زبان سکھانے میں لگے ہوئے ہیں۔
افسوس کی بات یہ ہے کہ کالم نگار خاتون نے فرانسیسی زبان سیکھنے سکھانے کے مسئلے کو مخصوص زاویہ¿ نظر سے دیکھنے کی کوشش کی ہے جبکہ یہ مسئلہ کثیر جہتی ہے۔ میں 3عشروں سے زیادہ عرصے سے فرانسیسی زبان سیکھے ہوئے ہوں۔ میں نے ایم فل اور پی ایچ ڈی فرانس سے حاصل کی ہے۔ میں وہاں قیام کرچکا ہوں۔ دسیوں یورپی و افریقی ممالک بلکہ متعد د عرب ممالک کے باشندے فرانسیسی زبان میں لین دین کرتے ہیں۔ فرانسیسی زبان میں گفت و شنید کرتے ہیں۔ 
نئی نسلیں مختلف زبانیں سیکھیں۔ فرانسیسی زبان انگریزی کے ساتھ بیحد اہمیت کی حامل زبان ہے۔ اگر کوئی طالب علم فرانسیسی زبان بولنے والے کسی بھی افریقی یا یورپی ملک میں تعلیم مکمل کرنا چاہتا ہو تو اسکی ضرورت کے تحت فرانسیسی زبان کو اولین درجہ حاصل ہوجائیگا۔ فرانسیسی زبان کو غیر مفید قرار دیکر ایک جانب پھینک دینا عقلمندی نہیں۔ میں اور مجھ جیسے وہ تمام لوگ جو انگریزی کے ساتھ فرانسیسی زبان کے ماہر ہیں، اس کی اہمیت ہی نہیں اسکی ضرورت کے قائل ہیں۔ ہمارے بہت سے تحقیقی کام فرانسیسی زبان کے مرہون منت ہیں۔ دسیوں طلباءو طالبات فرانس کی بڑی جامعات میں زیر تعلیم ہیں۔ فرانس کے لوگ مختلف ممالک میں سرمایہ لگائے ہوئے ہیں۔ تعلیم، سائنس، اقتصاد اور سماجیات کے باب میں فرانسیسی زبان کی اہمیت ناقابل انکار ہے۔
میں سمجھتا ہوں کہ مختلف زبانوں کا سیکھنا بہت اچھی بات ہے۔ اقوام عالم کی تہذیبوں سے واقفیت حاصل کرنے ، انکی سازشوں سے بچنے اور انکی خوبیوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے زبانوں کا سیکھنا اشد ضروری ہے۔ 
متعدد جامعات اپنے یہاں مختلف زبانیں سکھانے والے کالج اورشعبے قائم کئے ہوئے ہیں۔ یہ سب کچھ مختلف زبانوں کی اہمیت کو تسلیم کرکے ہی کیا جارہا ہے۔ جہاں تک سعودی عرب کا تعلق ہے تو فرانس کے ساتھ اسکے گوناگوں تعلقات ہیں۔ ہزاروں سعودی ، سیاحت، تجارت، سرمایہ کاری اور اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے فرانس سے جڑے ہوئے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ بین الاقوامی اسکولوں میں نئی نسل کو مختلف زبانیں سکھانا ملک و قوم اور مذہب کے وسیع تر مفاد میں ہے۔پرائمری اسکولوں یا کم از کم اعلیٰ جماعتوں خصوصاً جامعات میں غیر ملکی زبانوں کی تعلیم پر توجہ دینا قومی ، ملی اور دینی ضرورت ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
 
 

شیئر: