Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب .... کامیابی اور قافلہ سالاری

 
سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ” الریاض“ کا اداریہ
  خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت میں مستقبل کی حکمت عملی کا روڈ میپ ان الفاظ میں مرتسم کیا ہے:
”میرا پہلا ہدف یہ ہے کہ ہمارا ملک ہر سطح پر پوری دنیا میں روشن مثال اور قافلہ سالار ہو۔ میں اس مقصد کے حصول کیلئے آپ کے ساتھ محنت کرونگا“۔ 
یہ رہنما اصول ایک طرح سے بانی مملکت شاہ عبدالعزیز رحمتہ اللہ علیہ نے 88برس قبل مرتسم کئے تھے۔ تب سے اب تک اسی کی روشنی میں کام ہورہا ہے۔ سعودی عرب نے اپنے قیام کے روز اول ہی سے وقت کی تیز رفتاری سے آگے بڑھنے کی کوشش شروع کردی تھی۔ سیاسی، اقتصادی اور زندگی کے مختلف شعبوںمیں نمایاں بڑے ممالک کے پہلو بہ پہلو جدوجہد کا آغاز کردیا تھا۔ 88برس کے دوران درپیش چیلنجوں اور دشواریوں کا مقابلہ کرکے جدید ریاست معرض وجودمیں آئی،فرزندان وطن کےلئے خوشحالی اور امن و امان کا ایسا نظم کیا جس کی نظیر نہیں ملتی۔ 
سعودی قیادت نے نہ صرف اپنے ہموطنوں پر توجہ مرکوز کی ساتھ ہی ساتھ مسلم بھائیوں کے تئیں اپنے فرائض بھی انجام دیئے۔ سعودی عرب تفرقہ و انتشار پھیلانے کی ہر کوشش کے سامنے سینہ سپر ہوگیا۔ مملکت نے مقامات مقدسہ کے پاسبان اور امت مسلمہ کے اتحاد کے علمبردار کی حیثیت سے اپنی پہچان بنائی۔ سعودی عرب کے یوم وطنی کے موقع پر سعودی عوام آباﺅ اجداد کے منہاج کے مطابق نئی زندگی گزارنے کا عزم ظاہر کررہے ہیں اور اپنا یہ عہد دہرا رہے ہیں کہ وہ عزم محکم اور عمل پیہم کے ذریعے تعمیر و ترقی اور صلاح و فلاح کا مشن جاری رکھیں گے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
 
 

شیئر: