Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان آج حرمین ٹرین کا افتتاح کرینگے، دورہ سے اہل مدینہ کی خوشیاں دوبالا

تقریب میں شاہی خاندان کے افراد ، وزراء، علماء، ملی و بین الاقوامی ممتاز شخصیات ، مسلم رہنما اور اہم سرمایہ کار شریک ہوں گے، وزیر نقل و حمل، اہل طیبہ نے دورہ کو نیک فال قرار دیدیا، گورنر فیصل بن سلمان
مدینہ منورہ( یوسف بلوچ) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آج منگل کو حرمین ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کریں گے۔ وزیر نقل و حمل ڈاکٹر نبیل العمودی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ تقریب میں شاہی خاندان کے افراد ، وزراء، علماء، ملکی اور بین الاقوامی ممتاز شخصیات، مسلم رہنما، بڑے سرمایہ کار اور حرمین ٹرین پروجیکٹ نافذ کرنے والی کمپنیوں کے نمائندے شریک ہوں گے۔ آج سے الحرمین ٹرین باقاعدہ طور پر چلنے لگے گی۔ اس سے سالانہ 60ملین افراد سفر کر سکیںگے۔ 35ٹرینیں الحرمین روٹ پر چلیں گی۔ ہر ایک میں 417نشستیں ہوں گی۔ یہ برقی ٹرین ہوگی۔ روٹ پر بجلی فراہم کرنے والے 6پاور ہاﺅس قائم کر دیئے گئے ہیں۔ ٹرین کی فی گھنٹہ رفتار 300کلو میٹر سے زیادہ ہو گی۔ ریلوے کارپوریشن کے قائم مقام سربراہ ڈاکٹر رمیح الرمیح نے بتایا کہ یہ ٹرین مشرق وسطیٰ کی پہلی سریع رفتار برقی ٹرین ہے۔ یہ 450کلو میٹر کا فاصلہ طے کریگی۔ مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، جدہ ، کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ، کنگ عبداللہ اکنامک سٹی رابغ میں اس کے اسٹیشن ہیں۔ دریں اثناءگورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے خادم حرمین شریفین کے دورہ مدینہ منورہ پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ طیبہ کے باشندے اسے اپنے لئے نیک فال کے طور پر لے رہے ہیں۔ شاہ سلمان کے دورہ مدینہ سے شہر رسول کے باشندوں کی خوشیاں دوبالا ہو گئی ہیں۔ یہ دورہ 88ویں یوم وطنی کے جشن کے ماحول میں ہو رہا ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ خادم حرمین شریفین کے عہد میں مدینہ منورہ میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے۔ یہ سب مقامی شہریوں اور زائرین کے آرام و راحت کا سرچشمہ ہیں۔ یوم وطنی کے جشن اور خادم حرمین شریفین کے دورہ مدینہ کے تناظر میں پورا شہر سجا ہوا ہے۔ مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی وطن عزیز خصوصاً مدینہ منورہ سے محبت اور وابستگی کا اظہار جوش و خروش کے ساتھ کر رہے ہیں۔ مدینہ منورہ کی شاہراہوں اور چوراہوں کو کلمہ طیبہ سے آراستہ سبز پرچموں سے سجا دیا گیا ہے۔ اہل مدینہ نے مرکزی پارک، جادہ قباء ، ممشیٰ العباس، اسٹیڈیم سے متصل بڑے میدان میں یوم وطنی کے پروگرام کے بڑے تجارتی مراکز اہم بازاروں اور تفریحی مقامات پر بھی رنگا رنگ تقریبات منعقد کی گئیں۔ دریں اثناءسعودی انجمن برائے ثقافت و فنون نے مدینہ میونسپلٹی اور 12امدادی اداروں کے تعاون و اشتراک سے "مسیرة وطن"88کے عنوان سے مملکت بھر میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا قومی جلوس نکالا۔ اس کا اہتمام ممشیٰ الہجرہ سے کنگ فہد سنٹرل پارک تک کیا گیا یہ تقریباً ساڑھے 3کلومیٹر کی مسافت پر مشتمل ہے۔ اس میں سرکاری و تعلیمی اداروں کے نمائندے او ر600طلباءشریک ہوئے۔ جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ میں زیر تعلیم مختلف ممالک کے طلباءبھی جلوس میں شامل ہوئے۔ علاوہ ازیں بہت سارے عوامی طائفے ، گھڑسوار اور اونٹ سوار دستے نیز مدینہ کے صحت و عسکری نمائندے بھی جلوس کا حصہ بنے۔ جلوس کے شرکاءنے قومی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔ مدینہ منورہ کے باشندوں نے شاہ سلمان کے دورہ پر غیر معمولی مسرت کا اظہار کیا ہے۔ 

شیئر: