Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہند کو خطے کا تھانیدار نہیں بننے دینگے، رضا ربانی

اسلام آباد...سینیٹ نے ہندوستان کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مذاکرات سے انکار اور ہندوستانی آرمی چیف کی جانب سے دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے عوام ان دھمکیوں سے کسی طور ڈرنے والے نہیں ۔ ہندوستان کی جانب سے ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کر سکتے ہیں ۔پیر کو سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ گزشتہ چند روز میں دو اہم واقعات ہوئے ہیں جس پر پورا ایوان بات کرنا چاہتا ہے ۔ ایک تو ہندوستان کی جانب سے بات چیت سے انکار اور دوسرا آرمی چیف کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی دھمکیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے ایوان کی جانب سے ہندوستانی آرمی چیف کے بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان کے عوام اور افواج ایسی گیڈر بھبکیوں میں آنے والے نہیں۔ پہلے بھی ہندوستان کو آزمایا ہے اگر جنگ مسلط کی گئی تو یقینی طور پر پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی خارجہ پالیسی اور معاشی پالیسیوں پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے بعض غیر ملکی طاقتیں ہند کو خطے کا تھانیدار بنانے کی کوشش کررہی ہے مگر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ہند کو خطے کا تھانیدار کسی صورت نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات چلے گئے اور خارجہ پالیسی میں تبدیلی کے اشارے نظر آرہے ہیں مگر وزیراعظم ایوان کو اعتماد میں لینے میں ناکام ہوئے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ ایوان میں آکر ہمارے تحفظات سننے کے بعد اس کا جواب دیں۔ 

شیئر: