Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خراب کارکردگی نے نیند اڑا دی، سرفرازاحمد

ابوظبی: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ وہ ایشیا کپ میں ٹیم کی خراب کارکردگی کی وجہ سے دباو کے باعث کئی دن سے سو نہیں سکے۔ مایوس کن کھیل پر انھیں بہت افسوس ہے لیکن جلد بازی اور گھبراہٹ میں فیصلے کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ میرے مستقبل کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کو کرنا ہے، مجھے ٹیم میں رہنا ہے یا نہیں یہ فیصلہ بھی پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی ہی کرے گی۔ بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں شکست کے بعد سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں کسی بھی موقع پر اچھا کھیلتی نظر نہیں آئی اور ہم کھیل کے تینوں شعبوں، بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں ناکامی کا شکار رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کپتان کی حیثیت سے ان پر ہمیشہ دباو رہتا ہے لیکن اس ٹورنامنٹ میں وہ 6 راتوں سے سو نہیں سکے جب ٹیم اچھا نہ کھیلے تو پھر یہ دباو یقینابڑھ جاتا ہے۔ اس سوال پر کہ چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں بہت بری کارکردگی کے بعد ٹیم اچھا کھیلتی آئی تھی تو پھر اچانک ٹیم کو کیا ہوگیا؟ سرفراز کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کی روایت یہ رہی ہے کہ وہ اننگز کے درمیانی اوورز میں وکٹیں لیتی ہے لیکن اس ٹورنامنٹ میں ہمارے بولرز ایسا کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ان کی اپنی کارکردگی اچھی نہیں رہی لیکن جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ تھوڑا آرام کرنے کے لئے کسی دوسرے وکٹ کیپر کو موقع دیں گے تو ان کا جواب تھا کہ یہ کام سلیکشن کمیٹی کا ہے، میرا کام صرف کھیلنا ہے۔ انہوں نے فخرزمان کا نام لے کر کہا کہ ایک ٹورنامنٹ کی خراب کارکردگی کے سبب آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ اچھے بیٹسمین نہیں۔ انہوں نے جو غلطیاں کی ہیں انہیں اس کا خود بھی احساس ہے اور ان غلطیوں کو دورکرنے کی ضرورت ہے۔ سرفراز احمد کے مطابق ٹیم میں شعیب ملک اور میرے علاوہ دیگر کھلاڑیوں نے بہت زیادہ انٹرنیشنل میچز نہیں کھیلے لہذا ان کھلاڑیوں کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: